وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ نئے بھارت کی ترقی کیلئے پورے ملک میں سب کی شمولیت والی ترقی کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سوچ مہاتما گاندھی کو بہت عزیز تھی۔ کَل آزادی کے 75سال پورے ہونے کے موقع پر قومی پرچم لہرانے کے بعد لال قلعے کی فصیل سے خطاب کرتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ کسی بھی ملک کیلئے ایک آرزومند معاشرہ بہت ضروری ہے اور انہوں نے اس بات پر فخر کا اظہار کیا کہ یہ آرزوئیں بھارت میں ہر گھر میں موجود ہیں۔
جناب مودی نے کہا کہ اِس امرت کال نے خوابوں اور اِس آرزومند معاشرے کے مقاصد کو پورا کرنے کیلئے ایک سنہری موقع فراہم کیا ہے۔
وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ملک کو بدعنوانی اور اقربا پروری کی برائی کو شکست دینے کیلئے متحد ہوکر آگے آنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کے خلاف پوری طاقت کے ساتھ لڑنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ معاشرے کو اُن لوگوں کو سزا دینے کیلئے مل کر آگے آنا چاہئے جنہوں نے بدعنوانی کی برائی کو پھیلایا ہے۔
اقربا پروری کے بارے میں جناب مودی نے کہا کہ مواقع اُن لوگوں کو دیئے جانے چاہئیں جو باصلاحیت ہیں اور ملک کی ترقی کیلئے کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ باصلاحیت لوگ نئے بھارت کی بنیاد بنیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بین الاقوامی سطح پر کھیل کود مقابلوں میں شاندار کارکردگی بھارت کی بہترین صلاحیت کی ایک مثال ہے اور اِس طرح کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو فروغ دینا چاہئے اور اُن کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے۔ جناب مودی نے کہا کہ بھارت کئی چیلنجوں کے باوجود آگے بڑھا ہے، کیونکہ وہ جمہوریت کی ماں ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اب جبکہ بھارت نے اپنی آزادی کا 75واں سال منایا، ایسے میں اب ایک نئی قوت اور توجہ کے ساتھ آگے بڑھنے اور اگلے 25 سال کیلئے عزم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچ عہد پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، جن میں ترقی یافتہ بھارت، غلامی کی ذہنیت سے آزادی ، شاندار وراثت کے تئیں فخر کرنا، اتحاد اور شہریوں کے فرائض کی تکمیل شامل ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ مساوات بھارت کی ترقی کا ایک اہم ستون ہے اور لوگوں کو چاہئے کہ وہ بھارت پہلے کے منتر کے ذریعے متحد ہوں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کا احترام بھارت کی ترقی کیلئے ایک اہم ستون ہے۔ انہوں نے ناری شکتی کی حمایت کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دنیا بھارت کو ایک ایسے ملک کے طور پر دیکھتی ہے جہاں امنگیں پوری ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب کا ساتھ، سب کا وکاس ، سب کا وشواس اور سب کا پریاس، ملک حامی پالیسیوں کے نفاذ اور ترقی کو دور دراز کے علاقوں تک لے جانے کو یقینی بنانے میں اہم ستون ثابت ہوئے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ جب بھارت ترقی کے راستے پر آگے بڑھے گا تو وہ پوری دنیا کو مسائل کا حل فراہم کرسکے گا۔ انہوں نے کہ فطرت بھارت کی وراثت کا ایک اہم حصہ رہا ہے اور ملک کے پاس ایسی روایات اور طور طریقے ہیں جو آب ہوا میں تبدیلی سے نمٹنے میں مدد گار ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کثرت میں وحدت پر بہت فخر کرتا ہے۔