بحرین کے شاہی محل نے اعلان کیا ہے کہ منامہ حکومت کے وزیر اعظم شہزادہ خلیفہ بن سلمان الخلیفہ 84 کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔
بحرین کی سرکاری نیوز ایجنسی ‘بحرین نیوز ایجنسی [بی این اے] کے مطابق شہزادہ خلیفہ امریکا کے میو کلینک ہسپتال میں علاج کے لئے داخل تھے جہاں پر ان کا انتقال ہوگیا۔ شہزادہ خلیفہ کا شمار دنیا کے سب سے طویل مدتی وزرائے اعظم میں ہوتا ہے۔
بحرینی حکام نے شہزادہ خلیفہ بن سلمان کو لاحق عارضے سے متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کی۔ ان کے جسد خاکی کو امریکا سے منتقل کرنے کے بعد ان کے جنازے اور تدفین کا اہتمام کیا جائے گا۔
بحرینی فرمانروا نے وزیر اعظم کے انتقال پر ایک ہفتے کے سوگ کا اعلان کیا ہے اور جمعرات سے تین کے لئے سرکاری دفاتر کی بندش کا اعلان کیا ہے۔
شہزادہ خلیفہ بن سلمان 24 نومبر 1935 کو پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے 1970 میں اپنے منصب کو سنبھالا اور اس کے ایک سال بعد بحرین نے آزادی حاصل کر لی۔
وہ اس سے قبل بحرین کی خارجہ کونسل اور سپریم دفاعی کونسل کے سربراہ رہ چکے ہیں۔