نئی دہلی : وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو ہندوستانی سنیما کے شو مین راج کپور کو ان کے 100 ویں یوم پیدائش کے موقع پر خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے ایک صاحب بصیرت فلم ساز، اداکار اور سدابہار شو مین کے طور پر ان کی ستائش کی۔
انہوں نے راج کپور کو نہ صرف ایک فلم ساز بتایا بلکہ انہیں ایک ثقافتی سفیر بھی قرار دیا جو ہندوستانی سنیما کو عالمی سطح تک لے گئے۔ مسٹر مودی نے کہا کہ فلم سازوں اور اداکاروں کی کئی نسلیں ان سے بہت کچھ سیکھ سکتی ہیں۔
ایکس پر پوسٹ کے ایک پوسٹ میں مسٹر مودی نے لکھا ’’آج، ہم بے مثال شخصیت راج کپور کا 100واں یوم پیدائش منا رہے ہیں، جو کہ ایک دور اندیش فلم ساز، اداکاراور ایک سدا بہار شومین تھے! ان کی ذہانت نے کئی پیڑھیوں کو متاثر کیا ہے اور ہندوستانی و عالمی سنیما پر نہ انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔‘‘
’’سنیما کے تئیں راج کپور کے شوق و جذبے کا آغاز کم عمری میں ہی ہوگیا تھا اور انہوں نے ایک پیش رو قصہ گو کے طور پر اپنی شناخت قائم کرنے کے لیے سخت محنت کی۔ ان کی فلمیں فن، جذبات اور سماجی تبصروں کا ایک مرقع تھیں۔ انہوں نے عام شہریوں کی امنگوں اور جدوجہد کی عکاسی کی۔ ‘‘
’’راج کپور کی فلموں کے معروف کردار اور ناقابل فراموش نغموں کی بازگشت دنیا ہندوستان کے فلم شائقین کے درمیان سنائی دیتی ہے۔ عوام اس امر کی ستائش کرتے ہیں کہ کس طرح ان کی فلمیں مختلف موضوعات کو آسانی اور عمدگی کے ساتھ اجاگرکرتی ہیں۔ ان کی فلموں کی موسیقی بھی ازحد مقبول عام ہے۔‘‘
’’ مسٹر راج کپور محض ایک فلم ساز ہی نہیں بلکہ ایک ثقافتی سفیر بھی تھے جو ہندوستانی سنیما کو عالمی سطح تک لے گئے۔ فلم سازوں اور اداکاروں کی کئی نسلیں ان سے کافی کچھ سیکھ سکتی ہیں۔ میں ایک مرتبہ پھر انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور تخلیقی دنیا کے لیے ان کے تعاون کو یاد کرتا ہوں۔‘‘