رواں برس 9 مارچ کو باضابطہ طور پر شاہی حیثیت سے علیحدگی اختیار کرنے والے برطانوی شہزادے ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے 6 ماہ بعد اپنا نیا روزگار تلاش کرلیا۔شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل نے اسٹریمنگ ویب سائٹ نیٹ فلیکس کے ساتھ دستاویزی فلمیں اور شوز بنانے کا معاہدہ کرلیا۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ 2 ستمبر کو نیٹ فلیکس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں تصدیق کی گئی کہ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل ان کے لیے فلمیں، شوز اور ویب سیریز پروڈیوس کریں گے۔
بیان کے مطابق نیٹ فلیکس اور شاہی جوڑے کے درمیان متعدد منصوبے پروڈیوس کرنے کا کئی سال کا معاہدہ طے پا گیا ہے، تاہم بیان میں معاہدے کی مدت اور دیگر شرائط نہیں بتائی گئیں۔
جوڑے نے مئی 2018 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: رائٹرز
اے پی کے مطابق شاہی جوڑا نیٹ فلیکس کے لیے مختلف موضوعات پر دستاویزی فلمیں اور ویب سیریز بھی پروڈیوس کرے گا۔
جوڑے کا زیادہ فوکس خواتین، بچوں، نیچر، جانوروں اور ماحول سے متعلق مواد پر دستاویزی فلمیں، ڈرامے اور شوز بنانے پر رہے گا۔
نیٹ فلیکس ساتھ مواد پروڈیوس کرنے کا معاہدے طے پانے کے ساتھ ہی میگھن مارکل نے اس بات کی بھی وضاحت کی کہ فوری طور پر ان کا اداکاری میں واپس آنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
اس سے قبل یہ چہ مگوئیاں تھیں کہ شاید میگھن مارکل دوبارہ اداکاری کرتی دکھائی دیں۔
میگھن مارکل کی دوبارہ اداکاری کرنے کی خبروں کو اس وقت تقویت ملی جب حال ہی میں انہیں جانوروں سے متعلق نیٹ فلیکس کی ایک دستاویزی فلم ایلیفنٹ میں دیکھا گیا تھا۔
پہلے ہی خیال کیا جا رہا تھا کہ ممکنہ طور پر دونوں فلمیں پروڈیوس کریں گے—فائل فوٹو: سسیکس انسٹاگرام
میگھن مارکل کے بعد گزشتہ ہفتے شہزادہ ہیری بھی نیٹ فلیکس کی پیرااولمپکس گیمز کے حوالے سے بنائی گئی دستاویزی فلم رائزنگ فیونکس میں دیکھا گیا تھا۔
دونوں کو نیٹ فلیکس کی دستاویزی فلموں میں دیکھے جانے کے بعد چہ مگوئیاں تھیں کہ شاید دونوں اداکاری بھی کرتے دکھائی دیں، تاہم اب تک دونوں کی جانب سے اداکاری میں آنے کی وضاحت نہیں کی گئی۔
شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی جانب سے نیٹ فلیکس کے ساتھ مواد پروڈیوس کرنے کا معاہدہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب کہ حال ہی میں خبر سامنے آئی تھی کہ دونوں جلد ہی ممکنہ طور پر ہولی وڈ کے متعدد پروڈکشن ہاؤسز کے لیے فلمیں بناتے دکھائی دیں گے۔
خیال رہے کہ میگھن مارکل اور شہزادہ ہیری نے مئی 2018 میں شادی کی تھی اور ان کے ہاں اگلے ہی سال بیٹے کے پیدائش ہوئی۔
بیٹے کی پیدائش کے چند ماہ بعد ہی دونوں نے شاہی حیثیت چھوڑنے کا اعلان کیا تھا اور رواں برس 9 مارچ کو انہوں نے باضابطہ طور پر شاہی حیثیت سے علیحدگی اختیار کی تھی۔
شاہی حیثیت چھوڑنے کے بعد ابتدائی طور پر وہ کینیڈا منتقل ہوگئے تھے، تاہم بعد ازاں وہ امریکا منتقل ہوگئے اور اس وقت دونوں نیویارک میں رہائش پذیر ہیں۔