لکھنؤ۔تین دہائی کے بعد اترپردیش میں کانگریس پھر سے سرخیوںمیںہے۔ قومی جنرل سکریٹری اور ریاستی انچارج پرینکا گاندھی واڈیر انے پارٹی کو حاشیے سے نکال دیا ہے۔ پرینکا کی سرگرمی اور این آر سی و سی اے اے پر ملی عوامی حمایت سے پارٹی میں نیا جوش نظر آرہا ہے۔
پرینکا جمعہ کو ایک بار پھر ریاست کے دورہ پر ہیں۔ جمعہ کو وہ وارانسی پہنچ رہی ہیں وارانسی میں پرینکا جے این یو اور جامعہ کے طلباء کے این آر سی-سی اے اے کے خلاف مظاہرہ میں ہوئے لاٹھی چارج کی مخالفت میں تحریک چلارہے طلباء سے ملاقات کریں گی۔
(علی طاہر رضوی)
نئے سال میں پرینکا گاندھی کا یہ دوسرا ریاستی دورہ ہے، وہیں ۱۵ دن کے اندرپرینکا گاندھی کا ریاست میں تیسرا دورہ ہے۔ اس سے قبل گزشتہ ۴؍جنوری کو کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی مظفر نگر اور میرٹھ گئی تھیں جہاں انہوںنے این آر سی اور سی اے اے کی مخالفت میں ہوئے مظاہروںکے تشدد میںمارے گئے اور متاثرہ کنبوں سے ملاقات کی تھی۔ وہیں ۲۸؍دسمبر کو کانگریس کے یوم تاسیس کی تقریب میں شامل ہونے لکھنؤ پہنچی تھیں جہاں انہوںنے سی اے اے کی مخالفت کرتے ہوئے کارکنوں سے مخالفت میں آواز اٹھانے کی اپیل کی تھی۔
اسی دن پرینکا این آر سی اور سی اے اے کی مخالفت میں مظاہرہ کی اپیل کرکے جیل جانے والے سبکدوش آئی پی ایس افسر ایس آر دارا پوری کے اہل خانہ سے ملاقات کرنے ان کے اندرا نگر واقع مکان پر پہنچیں ۔ اس سے قبل پرینکا گاندھی نے بجنور میں سی اے اے کی مخالفت میں منعقد مظاہرہ کے دوران تشدد میں مارے گئے لوگوں کے گھروالوں سے ملاقات کرکے انہیں ڈھارس بندھائی۔ ایک دن بعد ۲۴؍دسمبر کو کانگریس رہنما راہل گاندھی کے ساتھ میرٹھ جاتے وقت انہیں روکا گیا اس کے بعد گزشتہ ۴؍جنوری کو انہوںنے مظفر نگر مدرسہ میں بزرگ عالم دین مولانا اسد رضا حسینی اور ہاسٹل کے طلباء سے ملاقات کی اور مظفر نگر میں دیگر متاثرین سے ملیں اورمیرٹھ بھی گئیں۔ اسی لائحہ عمل کے تحت پرینکا جمعہ کو وارانسی پہنچ رہی ہیں۔ یہاں وہ بنارس ہندو یونیورسٹی (بی ایچ یو)کے طلباء اور سماجی کارکنوں سے ملاقات کریں گی۔ تشدد کے شکار ہوئے لوگوں کے گھروالوں سے مل کر انہیں ڈھارس بندھائیں گی۔ اپنے طریقہ کار اور لائحہ عمل سے پرینکا کانگریس کو پھر سے مقبول بنانے کی کوشش کررہی ہیں ساتھ ہی مایوسی کے بھنور میں ڈوبے کارکنوںمیں جوش اور نئی توانائی پیدا کرنے میں مصروف ہیں۔ ریاست میں نظم ونسق سے لے کر عورتوں کے ساتھ ہونے والے تشدد اور ملازمین کے مسائل کے سلسلہ میں ریاست کی بی جے پی حکومت کو نشانے پر رکھنے والی پرینکا گاندھی وقتاً فوقتاً سڑکوں پر اترکر کارکنوںکا جوش بھی بڑھاتی نظرآرہی ہیں۔
rتحریک چلانے والوں سے کریں گی ملاقات:-کانگریس جنرل سکریٹری اور ریاستی انچارج پرینکا گاندھی جمعہ کو وارانسی میں این آر سی اور سی اے اے کے خلاف پرامن طریقہ سے مظاہرہ کررہے تحریک چلانے والوں اور سماجی کارکنوں سے ملاقات کریں گی۔ پارٹی انچارج انتظامیہ سدھارتھ پریہ شریواستو نے ریاست کی یوگی آدتیہ ناتھ حکومت میں تحریک چلانے والوںکو غیرقانونی طریقہ سے جیلوں میںڈال دیا تھا۔ کانگریس جنرل سکریٹری وارانسی میں ۱۴ ماہ کی چمپک کی ماں ایکتا شیکھر سنگھ ، والد روی شیکھر، دلت سماجی کارکن انوپ شرمک، کانگریس کارکن منیش سنہا، بنکر کنبے کی ثانیہ انور، نتیش کمار، بی ایچ یو طالب علم دیپک، وویک کمار سمیت دیگر لوگوں سے بات چیت کریں گی۔