لکھنؤ، 20 نومبر (یو این آئی) کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے وزیر اعظم نریندر مودی پر زور دیا ہے کہ وہ لکھیم پور تشدد کیس کے متاثرین کو انصاف فراہم کرنے کے لیے مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجے مشرا ٹینی کو عہدے سے ہٹا دیں۔
ہفتہ کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت کے دوران مسٹر مودی کو لکھے گئے مکتوب کو شیئر کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا’’پورے ملک نے لکھیم پور کسان قتل عام میں اَن دینے والوں کے ساتھ ہونے والے ظلم کو دیکھا ہے۔ آپ کو یہ بھی معلوم ہے کہ کسانوں کو اپنی گاڑی سے کچلنے کا کلیدی ملزم آپ کی حکومت میں مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ کا بیٹا ہے۔ سیاسی دباؤ کی وجہ سے اس معاملہ میں اتر پردیش حکومت نے شروع سے ہی انصاف کی آواز کو دبانے کی کوشش کی۔ سپریم کورٹ نے اس تناظر میں کہا بھی ہے کہ حکومت کی نیت کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ وہ کسی خاص ملزم کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے‘‘۔
انہوں نے کہا کہ لکھیم پور میں مارے گئے کسانوں کے اہل خانہ سے میں نے ملاقات کی ہے۔ وہ ناقابل برداشت حالات میں ہیں ۔ ان کے اہل خانہ انصاف چاہتے ہیں، لیکن مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ کے عہدے پر برقرار رہنا ممکن نہیں ہے۔ کسان قتل عام کی تحقیقات کی حالیہ صورتحال ان خاندانوں کے خدشات کو درست ثابت کرتی ہے۔ وزیر داخلہ امت شاہ اور یوپی کے سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ، جو ملک کے امن و امان کے ذمہ دار ہیں، آپ کے اسی وزیر کے ساتھ اسٹیج شیئر کر رہے ہیں۔