لکھنئو : اترپردیش کانگریس میں جان پھونکنے کے لئے پیر کو نوابوں کی نگری پہنچی پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کا جادو سر چڑھ کر بولا۔
جنرل سکریٹری کے طور پر عملی سیاست میں قدم رکھنے والی پرینکا کا استقبال لکھنؤ کے باشندوں نے نہایت ہی پرجوش انداز میں کیا حالانکہ روڈ شو کی وجہ سے جام بھیڑ اور روٹ کی تبدیلی کی وجہ سے آمدورفت میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔
یہاں ایئر پورٹ پر دوپہر12:45 بجے تک پرینکا کے استقبال کے لئے کانگریس کا عام سے لیکر خاص کارکن صبح آٹھ بجے سے ہی اپنی پلکیں بچھائے ہوئے تھا۔ کانگریس لیڈر کی ایک جھلک پانے کو بے قرار کارکنوں کی بھیڑ کو قابو میں کرنے کے لئے سیکورٹی اہلکاروں کو سخت مشقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ چہرے پر روایتی مسکان کے ساتھ پرینکا نے ایئرپورٹ پر موجود لیڈروں اور کارکنوں کے استقبال کو قبول کیا جس کے بعد وہ اپنے بھائی وکانگریس صدر راہل گاندھی اور پارٹی جنرل سکریٹری جیوتی رادتیہ سندھیا کے ساتھ روڈ شو کے لئے تیار گاڑی کے چھت پر سوار ہوگئیں۔
اموسی سے پارٹی کے ریاستی دفتر کے درمیان 14 کلومیٹر لمبے روٹ پر دونوں طرف پارٹی کے حامی ڈھول تاشوں کے ساتھ علی الصبح ہی سڑک کے کنارے جمے ہوئے تھے۔ وہیں پولیس نے کانگریس کے روڈ شو کی وجہ سے صبح 10 بجے سے کئی مقامات پر راستے کو تبدیل کردیا جس کی وجہ سے دفتر اور دیگر کمرشیل مقامات پر جانے والے افرا د کو کافی پریشانی جھیلنی پڑی۔
روڈ شو کے لئے متعین روٹ پر پرینکا واڈرا اور راہل گاندھی کے پوسٹروں کی بھرمار دیکھنے کی ملی۔ ہر لیڈر اور کارکن نے اپنی تصویر لگے پوسٹر اس طرح لگائے تھے کہ شاید واڈرا کی نظر اس پر پڑ جائے اور لوک سبھا الیکشن کے لئے ان کا مستقبل سنور جائے۔ادھرعوام کے پرجوش استقبال کا پرینکا واڈرا نے ہاتھ ہلا کر قبول کیا وہیں جوش میں بھرے کارکن نعرے بازی کر لیڈروں کی حوصلہ افزائی میں مشغول تھے۔ روڈ شو کے دوران کانگریسی لیڈروں نے اپنے ہاتھ میں رافیل جنگی طیارہ کی تصویر لے رکھی تھی جس کے ذریعہ وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ کرنے سے بھی نہیں چوک رہے تھے۔
روڈ شو کے دوران پرینکا گاندھی اور راہل گاندھی کو گاڑی بدلنی پڑ گئی۔ اب بس کی بجائے وہ چھوٹی گاڑی سے روڈ شو کر رہے ہیں۔ بجلی کے تاروں کی وجہ سے روڈ شو رک گیا تھا۔
پرینکا گاندھی کی مقبولیت اس قدر حاوی تھی کہ کارکنوں کی بھیڑ پارٹی صدر راہل گاندھی اور جنرل سکریٹری جیوتی رادتیہ سندھیا کے نعرے لگانے کے بجائے پرینکا واڈرا زندہ باد کے نعرے لگا رہے تھے۔ گانگریس لیڈروں کے قافلے پرکئی مقامات پر پھولوں کی بارش کی گئی۔ کئی چوراہوں کو پرکشش طریقے سے سجایا گیا تھا۔
مشرقی اترپردیش کی کمان ملنے کے بعد پرینکا گاندھی لکھنئو میں اپنا پہلا میگا روڈ شو کر رہی ہیں۔ پرینگا گاندھی کے روڈ شو کے دوران ان کے شوہر رابرٹ واڈرا نے انہیں مبارکباد دی۔ رابرٹ واڈرا نے سوشل میڈیا پر مبارکباد دیتے ہوئے لکھا ’’ تم ایک سچی دوست،پرفیکٹ وائف اور میرے بچوں کے لئے بہترین ماں ثابت ہوئی ہو۔ آج کے دن بدبختانہ سیاسی ماحول ہے۔ مجھے پتہ ہے کہ تم اپنی ذمہ داری صحیح طریقہ سے نبھاو گی۔ ہم پرینکا کو ملک کے حوالے کرتے ہیں۔ ہندوستان کے عوام ان کا خیال رکھیں‘‘۔ اس سے پہلے روڈ شو میں پرینکا کو دیکھ کر کانگریس کارکنان میں جوش بھر گیا۔ پرینکا ہاتھ ہلا کر لوگوں کا شکریہ ادا کر رہی ہیں۔ کانگریس کارکنان پرینکا کا پھول۔ مالاوں سے خیرمقدم کر رہے ہیں۔ 9 گھنٹے کے اس روڈ شو میں پرینکا کے ساتھ راہل گاندھی، جیوترادتیہ سندھیا اور راج ببر سمیت پارٹی کے کئی بڑے لیڈران ہیں۔ سبھی بس کی چھت پر کھڑے ہیں اور ہاتھ ہلا کر لوگوں کا شکریہ ادا کر رہے ہیں۔ بس کی چھت پر سیکورٹی کے کچھ عملے بھی موجود ہیں۔ priyanka rahul پرینکا گاندھی کا یہ میگا روڈ شو آگے بڑھ رہا ہے اور بڑی تعداد میں بچوں اور مرد وخواتین کی بھیڑ سڑکوں پر ان کا خیرمقدم کرتی نظر آ رہی ہے۔ پرینکا گاندھی کا قافلہ آہستہ آہستہ کانگریس دفتر کی طرف بڑھ رہا ہے اور کافی پرجوش نظر آ رہا ہے۔ پرینکا گاندھی یہاں چار دن کے دورہ پر آئی ہیں اور اس دوران ان کی کئی میٹنگیں ہونے والی ہیں۔
پرینکا گاندھی کا نو گھنٹوں پر مشتمل یہ روڈ شو اموسی ائیرپورٹ سے شروع ہو کر کانگریس پارٹی کے دفتر تک جائے گا۔ اس دوران 30 جگہوں پر پرینکا گاندھی کا قافلہ رکے گا۔
روڈشو سے پہلے راہل گاندھی نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ’’ لکھنئو آ رہا ہوں۔ پرینکا گاندھی واڈرا جی اور جیوترادتیہ سندھیا جی ساتھ ہوں گے۔ دوپہر تقریبا بارہ بجے لکھنئو کے ہوائی اڈے سے پارٹی دفتر تک روڈ شو کا اہتمام کیا گیا ہے۔ آپ سبھی سے ملاقات کے لئے پرجوش ہوں‘‘۔