لکھنؤ: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے شہریت (ترمیمی)قانون کے خلاف ریاست میں ہونے والے احتجاج کے دوران مظاہرین پر پولیس کی جانب سے سفاکانہ کاروائی کے لئے یوگی حکومت کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی پوری کاروائی غیر قانونی ہے اسی کسی بھی طرح سے جائز نہیں ٹھہرایا جاسکتا پرینکا نے پیر کی صبح پارٹی کے ریاستی صدر اجے کمار للو کی قیادت میں آنند بین پٹیل کو بھیجے گئے میمورنڈم احتجاج کے دوران پولیس کی کاروائی کا اعلی سطحی عدالتی جانچ کا مطالبہ کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ ریاست میں پولیس کی سفاکانہ کاروائی کے لئے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ ذمہ دار ہیں۔
پیر کو میڈیا نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس لیڈر نے کہا کہ’’ جب ایک ریاست کا وزیر اعلی پرامن مظاہرین کے خلاف’’بدلہ لینے‘ جیسے لفظوں کا استعمال کرتا ہے تو پھر ایسے ریاستی انتظامیہ سے اور کیا امید کی جاسکتی ہے۔ایسی صورت میں وہ لوگ تمام اقدار کی دھجیاں اڑتے ہوئے نہ صرف پراپرٹی کو نقصان پہنچائیں گے بلکہ عوام کو ہراساں بھی کریں گے کیونکہ انہیں ریاست کے سربراہ کی ہدایت پر عمل کرنا ہے۔
ریاست میں خستہ حال نظم ونسق اور پولیس کی بربریت کے خلاف تفصیل سے بات کرتے ہوئے کانگریس لیڈر نے کہا کہ سی اے اے مظاہرے میں گرفتار اکثر افراد کو بے بنیاد الزامات میں پھنسایا گیا ہے۔انہوں نے دعوی کیا کہ کانگریس ایسے تمام افراد کی قانونی مدد مفت میں فراہم کرے گی۔