نئی دہلی، 10 جون (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ترجمان کی طرف سے اسلام کے خلاف کئے گئے متنازعہ ریمارکس کے خلاف جمعہ کو دہلی کی تاریخی جامع مسجد سے جامعہ ملیہ اسلامیہ کیمپس تک احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور نوپور کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
جامع مسجد کے شاہی امام نے کہا کہ ان کی طرف سے کسی کو مظاہرے کے لیے نہیں بلایاگیا تھا۔ نماز جمعہ کے بعد لوگوں نے اچانک احتجاج اور نعرے بازی شروع کردی۔ ان کا کہنا تھا کہ مظاہرین کون ہیں، یہ نہیں معلوم۔
جامع مسجد کے باہر لوگوں نے ہاتھوں میں بینر پوسٹرز لیے مظاہرہ کیا اور نعرے لگائے۔ مظاہرین نے شرما اور نوین کے خلاف نعرے لگائے۔ تاہم مظاہرے میں کسی خاص تنظیم کا کوئی بینر پوسٹر نہیں تھا۔طلباء نے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے گیٹ نمبر 7 کے باہر احتجاج کیا اور متنازعہ ریمارکس کرنے والوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔دہلی پولیس نے کہاکہ نوپور شرما اور نوین کمار جندال کے بیان کے خلاف لوگوں نے جامع مسجد میں احتجاج کیا۔ ہم نے وہاں سے لوگوں کو ہٹا دیا ہے۔ صورتحال اب قابو میں ہے۔