لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے میں آج یعنی جمعہ 26اپریل کو 12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ایک علاقے سمیت 88 سیٹوں پر ووٹنگ ہوگی۔ ووٹنگ صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک جاری رہے گی ۔
اٹھاسی نشستوں کیلئے کل 1206 امیدوار انتخابی میدان میں قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔ اس مرحلے میں کیرالا سے 20، کرناٹک سے 14، راجستھان سے 13، مہاراشٹرا اور اتر پردیش سے آٹھ، مدھیہ پردیش سے چھ، آسام اور بہار سے پانچ، چھتیس گڑھ اور مغربی بنگال اور جموں و کشمیر سے تین‘ تین سیٹوں پر ووٹنگ ہوگی۔
جبکہ منی پور اور تریپورہ میں ایک‘ ایک سیٹ پر انتخابات ہورہے ہیں ۔ دوسرے مرحلے میں مدھیہ پردیش کی بیتول سیٹ پر انتخابات ہونا تھے لیکن بہوجن سماج پارٹی کے امیدوار کی موت کی وجہ سے اب اس سیٹ پر تیسرے مرحلے میں 7 مئی کو انتخابات کرائے جائیں گے ۔
دوسرے مرحلے میں 1202 امیدوار میدان میں ہیں جن میں 1098 مرد اور 102 خواتین ہیں۔ دوسرے مرحلے کی مہم بدھ کی شام کو ختم ہو گئی۔
پولنگ اور سکیورٹی اہلکاروں کی نقل و حرکت کے لیے کم از کم تین ہیلی کاپٹر، چار خصوصی ٹرینیں اور 80,000 گاڑیاں تعینات کی گئی ہیں۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ اس مرحلے میں 1.67 لاکھ پولنگ اسٹیشنوں پر 16 لاکھ سے زیادہ پولنگ افسران کو تعینات کیا گیا ہے۔