فرید کوٹ میں کوٹک پورا روڈ پر شاہی حویلی کے پاس آج صبح ایک دردناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ اس میں نیو دیپ کمپنی کی ایک بس کی ٹرک کے ساتھ ٹکر ہو گئی جس کے بعد بس ریلنگ توڑتے ہوئے نیچے ایک نالے میں گر گئی۔
حادثے میں ایک خاتون سمیت 5 لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ 40 دیگر افراد زخمی ہیں۔ زخمیوں کو علاج کے لیے فوراً فرید کوٹ کے گرو گوبند سنگھ میڈیکل کالج اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
بتایا جاتا ہے کہ مسافروں کو لے کر آ رہی پراٰئیویٹ بس جیسے ہی کوٹک پورا روڈ پر پہنچی تو نالے پر پُل کے اوپر سامنے سے ایک ٹرک آگیا۔ اس دوران دونوں کی آپس میں ٹکر ہو گئی۔ حادثہ روکنے کے لیے جیسے ہی بس ڈرائیور نے بریک لگانے کی کوشش کی تو وہ بس سے توازن کھو بیٹھا اور بس نالے میں جا گری۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ٹکر کے بعد بس جیسے ہی نالے میں گری تو وہاں موجود لوگ بس میں پھنسے مسافروں کی مدد کے لیے بھاگے لیکن نالے میں کافی زیادہ پانی ہونے کی وجہ سے کوئی بھی زیادہ کچھ نہیں کر پایا۔ پھر بھی مقامی لوگوں نے رسی وغیرہ ڈال کر بس میں سوار کئی مسافروں کو محفوظ طور پر باہر نکال لیا۔
واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد ڈپٹی کمشنر ونیت کمار اور انتظامیہ کے افسران موقع پر پہنچے اور راحت و بچاؤ کام شروع کیا۔ ضلع انتظامیہ گرو گوبند سنگھ میڈیکل کالج اسپتال میں زیر علاج مسافروں کی خیریت دریافت کرنے کے لیے اسپتال پہنچی اور بہتر سے بہتر علاج کرنے کی ڈاکٹروں کو ہدایت دی۔