جالندھر، 21 اگست (یو این آئی) پنجاب میں جالندھر کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈپٹی کمشنر (ایچ) میجر ڈاکٹر امیت مہاجن نے بدھ کو کہا کہ پنجاب حکومت کی ‘کھیڈاں وطن پنجاب دیا- 2024’ اسکیم کے تحت ترقیاتی بلاک سطح اور ضلعی سطح پر کھیلوں کے مقابلے 15 سے 22 ستمبر تک منعقد ہوں گے۔ اس کے بعد 11 اکتوبر سے 9 نومبر تک ریاستی سطح کے مقابلے منعقد ہوں گے۔
ڈاکٹر امیت مہاجن نے بدھ کو عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ضلع میں ‘کھیڈان وطن پنجاب دیا- 2024’ کے تحت منعقد ہونے والے بلاک، ضلع اور ریاستی سطح کے کھیلوں کے مقابلوں کے لیے مناسب انتظامات کو یقینی بنائیں۔
یہاں ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریٹو کمپلیکس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (دیہی ترقی) لکھویندر سنگھ رندھاوا، ایس ڈی ایم بلبیر راج سنگھ سمیت متعلقہ محکموں کے افسران کے ساتھ میٹنگ کے دوران انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ کھیلوں کے میچوں کو صحیح طریقے سے کرانے کے لیے تمام ضروری انتظامات پہلے سے کیے جائیں، تاکہ کھیلوں کے ایونٹ کو احسن طریقے سے مکمل کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ کھیل میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں کی رہائش، خوراک، سیکیورٹی، میڈیکل ٹیموں، ٹرانسپورٹیشن سمیت دیگر ضروری انتظامات کو پہلے سے یقینی بنایا جائے تاکہ کھلاڑیوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کھیلوں کے مقابلوں میں انڈر 14، 17، 21 کے علاوہ 21-30، 31-40، 41-50، 51-60 اور 61-70 اور 70 سال سے زائد عمر کے افراد حصہ لے سکتے ہیں۔
ڈاکٹر مہاجن نے ضلع کے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ان کھیلوں کے مقابلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاک سطح کے کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے کھلاڑی 28 اگست تک حکومت پنجاب کے خصوصی پورٹل پر اپنی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں جبکہ ضلعی سطح کے کھیلوں کے مقابلوں کے لیے 14 ستمبرسے اور ریاستی سطح کے مقابلوں کے لیے بھی 10 اکتوبر تک رجسٹریشن کرائی جا سکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ‘کھیڈان وطن پنجاب دیا- 2024’ سے متعلق مشعل ریلی 24 اگست کی صبح ہوشیار پور سے جالندھر پہنچے گی، جس کا آدم پور میں شاندار استقبال کیا جائے گا۔ اس کے بعد کھلاڑی ضلع کے مختلف مقامات سے مشعل ریلی نکال کر کپورتھلہ روانہ کریں گے۔