ماسکو : روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے بدھ کو ترکی کے دارالحکومت استنبول میں یوکرین کے ساتھ مذاکرات کے لیے روسی وفد کی تشکیل کو منظوری دے دی۔
کریملن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس وفد کی سربراہی روسی صدارتی معاون ولادیمیر میڈنسکی کریں گے اور اس میں نائب وزیر خارجہ میخائل گالوزین، روسی فوج کے مین ڈائریکٹوریٹ آف جنرل اسٹاف کے چیف ایگور کوسٹیوکوف اور روسی نائب وزیر دفاع الیگزینڈر فومین شامل ہوں گے۔ وفد کے ارکان کے علاوہ مذاکرات کے لیے چار ماہرین کی فہرست کی بھی منظوری دی گئی۔
اس سے قبل، اتوار کو ایک بیان میں، مسٹر پوتن نے 15 مئی کو استنبول میں یوکرین کے ساتھ براہ راست بات چیت دوبارہ شروع کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔ اس کے بعد یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا تھا کہ وہ جمعرات کو ترکی میں ہوں گے اور توقع ہے کہ وہ مسٹر پوتن سے ملاقات کریں گے۔