حیدرآباد21اکتوبر؛قادر علی بیگ تھیٹر فیسٹیول کا جمعرات 21 اکتوبر سے حیدرآباد میں آغاز ہوا جو ہندوستان میں تھیٹر کی دنیا کا ایک اہم اجتماع بن گیا ہے۔ تلنگانہ حکومت کے تعاون سے یہ تھیٹر فیسٹیول 24 اکتوبرتک جاری رہے گا۔
یہ 16واں تھیٹر فیسٹیول ہے۔ گذشتہ سال وباء کی وجہ سے اس فیسٹیول کا آن لائن اہتمام کیا گیا تھا۔ اس مرتبہ بھی کئی اہم شخصیات اس فیسٹیول کی رونق بڑھارہی ہیں جن میں ایلاارون، کے کے رینا، ڈینزل اسمتھ، ہبہ شاہ حصہ لیں گے۔ قادر علی بیگ تھیٹر کے روح رواں پدم شری محمد علی بیگ ہیں جو مسلسل کئی برسوں سے ہندوستانی تھیٹر کے منتخب اداکاروں اور عالمی شہرت یافتہ رائٹرس کو پیش کر رہے ہیں۔
یہ فیسٹیول ہندوستانی تھیٹر کی افسانوی شخصیت قادر علی بیگ مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ہر سال منعقد کیا جا رہا ہے۔ معظم جاہی مارکٹ پر ہوئی افتتاحی تقریب میں پرنس معظم جاہ شجیع کا کلام محمد علی بیگ نے پیش کیا اور اسے مالابراریہ نے ترنم میں پیش کیا۔ ریاستی وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ نے فیسٹیول کے بروچر کی رسم اجراء انجام دیں جس کے بعد ایک ڈرامہ ’گارڈس ایٹ دی تاج‘ پیش کیاگیا۔ فیسٹیول کے دوران کوویڈ پروٹوکول پر عمل کیا گیا۔ حکومت تلنگانہ کے محکمہ سیاحت، اطلاعات و تعلقات عامہ اور سنگارینی کالریز نے اس تھیٹر فیسٹیول کے اہتمام میں تعاون کیا ہے۔ جمعہ 22 اکتوبر کو ریڈیسن بلو ہوٹل میں فزیکل تھیٹر کے موضوع پر ہبہ شاہ دن کے 2 تا 5 بجے کے درمیان ورکشاپ منعقد کریں گی۔
اس کے بعد شام7.30بجے ایک ڈرامہ ’یہ راستے ہیں پیار کے‘ پیش کیا جائے گا۔ ہفتہ 23اکتوبر کو شام6.30 بجے ریڈیسن بلو پلازہ میں ہی انگریزی ڈرامہ ’آؤٹ ایٹ سی‘ پیش کیا جائے گا۔ رات 8 بجے ایک تلگو پلے ’چیک میٹ‘ پیش ہوگا۔ اتوار کو اسی مقام پر دن کے 11 سے ایک بجے مشہور ہدایت کار و رائٹر رامو راماناتھن پینٹنگ کے فن پر خطاب کریں گے۔ دوپہر 2 تا 5 بجے شام محمد علی بیگ تھیٹر اور تمدن کے بارے میں اظہار خیال کریں گے۔ اتوار کو ہی شام7.30بجے ’بامبے جاز‘ نامی موسیقی ریز ڈرامہ پیش کیا جائے گا۔