ممبئی ، 17 اکتوبر ؛ہر دن ایک نیا مقام حاصل کررہی ہندوستانی اسٹاک مارکیٹ میں اگلے ہفتے تیزی کی توقع ہے ، لیکن عالمی سطح پرکموڈیٹی کی بڑھتی قیمتوں سے مہنگائی بڑھنے کے خطرہ سے کریکشن کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ، جس کے مدِ نظر اگلے ہفتے چھوٹے سرمایہ کاروں کو احتیاط کے ساتھ سرمایہ کاری کرنے کا مشورہ دیا گیا ۔
گزشتہ ہفتے اسٹاک مارکیٹ نے نیا ریکارڈ بنادیا ۔ بی ایس ای کا 30 حصص کا حساس انڈیکس سینسیکس صرف 20 دنوں میں ہی 60 ہزار سے 61 ہزار کو عبور کر گیا ۔ اس دوران سرمایہ کاروں نے بھی 10 لاکھ کروڑ روپے سے زائد کمائی کی ۔ زیرجائزہ مدت کے دوران سینسیکس 1246.89 پوائنٹس کے اچھال کے ساتھ 61305.95 پر پہنچ گیا ، جو کہ اب تک کی سب سے بلند ترین سطح ہے۔
اسی طرح سے نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی 443.35 پوائنٹس کے اضافے سے 18338.55 پوائنٹس کے اب تک کے ریکارڈ بلند سطح پر پہنچ گیا۔
بڑی کمپنیوں میں ہو ئی خرید کے دم پر جہاں سینسیکس اور نفٹی نے نیا مقام حاصل کیا وہیں درمیانی اور چھوٹی کمپنیوں میں خرید کچھ سست رہی۔ زیر جائزہ مدت میں بی ایس ای مڈ کیپ 862.35 پوائنٹس کے اضافے سے 26699.69 پوائنٹس پر اور سمال کیپ 563.07 پوائنٹس کے اضافے کے سا تھ 30 ہزار پوائنٹس کی جانب بڑھتے ہوئے 29893.06 پوائنٹس پر رہا۔