کیا اضافی جسمانی وزن سے پریشان ہیں؟ تو سیب کے سرکے اور سبزچائے کے ساتھ ساتھ کلونجی کا تیل بھی اس حوالے سے مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
جو لوگ جسمانی چربی کو تیزی سے گھلانے کے خواہشمند ہوتے ہیں وہ متعدد آپشن جیسے کوئی مخصوص چائے یا روزانہ ایک چمچ سیب کے سرکے کا استعمال کرنے لگتے ہیں، اور اب اس میں کلونجی کے تیل کا نام بھی تیزی سے ابھرنے لگا ہے۔
جیسا آپ کو معلوم ہی ہوگا کہ کلونجی کا استعمال سنت نبوی بھی ہے اور ایشیائی ممالک اور مشرق وسطیٰ میں ان کا استعمال بہت زیادہ ہوتا ہے مگر اب یورپ اور امریکا میں بھی اس کی مقبولیت بڑھ رہی ہے خصوصاً اس تیل یا سپلیمنٹ کی۔
کیا یہ تیل جسمانی وزن میں کمی کے لیے واقعی مفید ہے؟
جو لوگ اس تیل کو توند کی چربی گھلانے کے لیے بہترین قرار دیتے ہیں، اس کی 2 وجوہات بیان کرتے ہیں۔ ایک وجہ تو یہ ہے کہ کچھ تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ انسولین کے بننے کے عمل کو کنٹرول کرنے اور انسولین کی سطح کو مستحکم رکھنے میں مدد دینے والا تیل ہے۔
جرنل آف اینڈوکرینولوجی ایند میٹابولزم میں شائع ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ کلونجی کا تیل لبلبے کے بیٹا خلیات کے دوبارہ بننے کے عمل کو متحرک کرتا ہے اور انسولین اور گلوکوز کی سطح کو کنٹرول کرتا ہے، گلوکوز کنٹرول کرنے سے کھانے کی خواہش کم ہوتی ہے اور وزن میں کمی لانا ممکن ہوسکتا ہے۔
اسی طرح کلونجی کے تیل سے جسمانی وزن میں کمی لانے کی دوسری وجہ جسمانی ورم میں کمی لانا قرار دی جاتی ہے۔
طبی جریدے ایشین پیسیفک جرنل آف ٹروپیکل بائیومیڈیسین میں شائع ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ اس تیل میں موجود ایک اینٹی آکسائیڈنٹ ممکنہ طور پر جسمانی ورم یا سوجن میں کمی لاتا ہے۔
اس کے علاوہ متعدد تحقیقی رپورٹس میں اس تیل سے جسمانی وزن کے فوائد پر جائزہ لیا گیا اور جیسے جیسے اس کی مقبولیت بڑھ رہی ہے، مزید تحقیق بھی ہورہی ہے اور کچھ میں نتائج کو حوصلہ افزا قرار دیا گیا ہے۔
مثال کے طور پر 20 افراد پر ہونے والی ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو لوگ کلونجی کے تیل کا استعمال اور ایروبک ورزش کرتے ہیں، وہ جسمانی وزن میں کمی کے حوالے سے اس سپلیمنٹ سے دور رہنے والوں کے مقابلے میں زیادہ بہتر نتائج حاصل کرتے ہیں۔
2018 کی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ کلونجی کا تیل جسمانی وزن میں کمی لاسکتا ہے اور جو لوگ اس کا استعمال کرتے ہیں ان کی توند میں کمی آتی ہے۔
جرنل آف ڈائیبیٹس اینڈ میٹابولک ڈس آرڈر میں ایک جائزہ رپورٹ میں کلونجی کے تیل کو قدرتی طور پر جسمانی وزن کم کرنے والے موثر ٹوٹکوں میں سے ایک قرار دیا گیا تھا۔
استعمال کیسے کریں؟
یہ تیل کی شکل میں آسانی سے مل جاتا ہے جس کی 500 ملی گرام مقدار ڈوز کا استعمال دن میں 2 بار کرنا چاہیے اور اس کے کوئی مضر اثرات بھی مرتب نہیں ہوتے، مگر اس کے استعمال سے پہلے ڈاکٹر سے مشورہ بھی ضرور کرلیں کیونکہ یہ ادویات کے اثر کو متاثر کرسکتا ہے۔
اگرچہ اس تیل کے فوائد کے حوالے سے تحقیقی رپورٹس زیادہ بڑے پیمانے پر نہیں ہوئیں مگر اس کے استعمال میں کوئی نقصان نہیں بلکہ مجموعی صحت کو ہی فائدہ ہوگا۔