پٹنہ: راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) یے سربراہ لالو پرساد یادو کی بیوی اور بہار کی سابق وزیر اعلی رابڑی دیوی آخر کار سات نوٹسوں کے بعد ریلوے ٹینڈر گھوٹالہ اور آمدنی سے زیادہ اثاثے کے معاملے میں پوچھ گچھ کے لئے آج انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے سامنے پیش ہوئیں۔
محترمہ رابڑی دیوی اپنی بیٹی اور راجیہ سبھا رکن میسا بھارتی، داماد شیلیش اور آر جے ڈی ممبر اسمبلی بھولا یادو کے ساتھ ای ڈي کے پٹنہ میں واقع دفتر پہنچیں جہاں ان سے دہلی سے آئی ہوئي ای ڈی کی ٹیم پوچھ گچھ کر رہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق ای ڈی کے افسر ان 55 سوالات پر محترمہ رابڑی دیوی سے جواب مانگ رہے ہیں۔ پوچھ گچھ شام تک چلنے کا امکان ہے ۔ واضح رہے کہ ای ڈی نے رابڑی دیوی کو پوچھ گچھ کے لئے دہلی میں واقع دفتر آنے کے لئے سات بار نوٹس بھیجا لیکن محترمہ رابڑی دیوی نے دہلی جانے سے صاف انکار کرتے ہوئے صاف صاف کہہ دیا تھا کہ جسے بھی پوچھ گچھ کرنی ہے وہ پٹنہ آئے ۔ اس کے بعد ای ڈی نے انہیں آٹھویں بار نوٹس بھیج کر آج پٹنہ میں واقع دفتر آنے کو کہا۔ای ڈی کی ٹیم اس معاملے میں مسٹر لالو پرساد یادو اور ان کے بیٹے تیجسوی پرساد یادو سے پوچھ گچھ کر چکی ہے ۔ انڈین ریلوے کیٹرنگ اینڈ ٹورزم کارپوریشن ( آئي آر سی ٹی سی) کے دو ہوٹلوں کی نیلامی میں گھوٹالہ کے سلسلے میں مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے 7 جولائی 2017 کو مسٹر لالو پرساد یادو، ان کی بیوی رابڑی دیوی، بیٹا تیجسوی پرساد یادو، راشٹریہ جنتا دل کے راجیہ سبھا رکن پریم چند گپتا اور ان کی بیوی سرلا گپتا کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی تھی۔اس سلسلے میں ان کے 12 ٹھکانوں پر چھاپہ ماری بھی کی گئی تھی۔ اسی معاملے میں منی لانڈرنگ کی جانچ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کر رہی ہے ۔