بھارت کو ٹی20 ورلڈ چیمپئنز بنانے والے ہیڈکوچ راہول ڈریوڈ نے کرکٹ بورڈ کی جانب سے دی گئی آدھی انعامی رقم واپس کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بھی دیگر کوچز کے برابر رقم دی جائے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا(بی سی سی آئی) کے سیکریٹری جے شاہ نے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کے لیے 125 کروڑ (375 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) کی انعامی رقم کا اعلان کیا تھا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ نے یہ انعامی رقم کھلاڑیوں، کوچنگ اور سپورٹ اسٹاف میں یکساں تقسیم کی تھی، جس کے تحت 15 رکنی اسکواڈ کو 5،5 کروڑ کے حساب سے رقم دی گئی تھی، کوچنگ اسٹاف کو ڈھائی، ڈھائی کروڑ ، جب کہ سلیکٹرز، ٹریولنگ ریزورز اور باقی اسٹاف کو ایک ایک کروڑ دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔
تاہم بھارت کو 17 سال بعد ٹی20 ورلڈ چیمپئن بنوانے والے ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ کے لیے اضافی ڈھائی کروڑ دینے کا اعلان کیا گیا تھا، یعنی انہیں ایک کھلاڑی کے برابر 5 کروڑ کی رقم ملنی تھی۔
بھارت کے سبکدوش ہونے والے ہیڈ کوچ راہول ڈریوڈ نے بھارتی کرکٹ بورڈ کی اس پیشکش کو قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی دیگر کوچز کے برابر رقم لیں گے، یعنی باقی کوچز کی طرح انہیں بھی ڈھائی کروڑ کی انعامی رقم دی جائے۔
انہوں نے کرکٹ بورڈ سے کہا کہ وہ بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کوچز کے مقابلے میں زیادہ رقم حاصل نہیں کرنا چاہتے، بلکہ ان کے برابر ہی انعامی رقم وصول کرنا چاہتے ہیں۔
جس کے جواب میں بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بورڈ راہول ڈریوڈ کے جذبات کی عزت کرتا ہے۔