لکھنؤ:کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی جمعرات کو دلت اجلاس میں شرکت کرکے غیررسمی طورپر اترپردیش اسمبلی انتخابات کے لئے پارٹی کی مہم کا آغاز کریں گے ۔مسٹر گاندھی صوبے کے دارالحکومت یں 2014 کے لوک سبھا انتخابات کے بعد پہلی بار کسی سیاسی پروگرام میں شریک ہوں گے ۔بعد میں وہ اپنے امیٹھی پارلیمانی حلقہ کے دو روزہ دورے کے لئے روانہ ہو جائیں گے ۔ کانگریس کے پرانے دلت ووٹ بینک کو راغب کرنے اور اگلے اسمبلی انتخابات میں پارٹی کے امکانات کو مزید روشن کرنے کے مقصد سے لکھنؤ میں دلت اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے ۔ گزشتہ دو دہائی میں دلت ووٹ بینک کافی حد تک بہوجن سماج پارٹی کی طرف چلا گیا ہے ۔
اترپردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نرمل کھتری جنہوں نے حال ہی میں بھیم جیوتی یاترا کا اہتمام کیا تھا، اب اپنی ٹیم کے ساتھ دلت اجلاس کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ ریاست کی 84 محفوظ سیٹوں سے تقریباَ ایک ہزار دلت لیڈروں کے علاوہ تقریبا 450 نومنتخب زمین سے جڑے ہوئے لیڈر اس اجلاس میں موجود رہیں گے ۔
اترپردیش کانگریس میڈیا سیل کے نائب صدر معروف خان نے آج یہاں بتایا کہ مسٹر گاندھی ایک روزہ اجلاس کی اختتامی تقریب میں شامل ہوں گے ۔ اجلاس میں دلتوں کو پارٹی کی طرف واپس لانے کے اقدامات پر وسیع تبادلہ خیال ہوگا۔ اجلاس میں “امبیڈکر کا مشن اور کانگریس ” موضوع کے تحت دلتوں کو سماجی اور اقتصادی طور پر مضبوط بنانے کے بارے میں بھی تبادلہ خیال ہوگا۔مسٹر خان نے کہاکہ اجلاس میں مکل واسنک ،کے راجو اور مدھوسودن مستری جیسے سینئر پارٹی لیڈر بھی شریک ہوں گے ۔ اس دوران سماج وادی پارٹی، بہوجن سماج پارٹی، بھارتیہ جنتا پارٹی اور آر ایس ایس کے دلت مخالف ایجنڈے کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ مسٹر گاندھی شام چار بجے لکھنؤ پہنچیں گے اور ہوائی اڈے سے پروگرام میں شرکت کرنے کے لئے اتر پردیش کانگریس کے ہیڈکوارٹر جائیں گے ۔
اس پروگرام میں دعوت نامہ پر ہی داخل ہونے دیا جائے گا اور اس میں پارٹی کے تمام ممبران اسمبلی اور ریاستی یونٹ کے سابق صدر حصہ لیں گے ۔اجلاس میں شرکت کے بعد مسٹر گاندھی امیٹھی روانہ ہو جائیں گے جہاں جمعہ کی صبح وہ سلون اسمبلی حلقہ میں لوگوں سے بات چیت کریں گے ۔ شام کو وہ منشی گنج میں واقع سنجے گاندھی میموریل اسپتال کے گیسٹ ہاؤس میں پارٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں کے ساتھ ملاقات کریں گے ۔ ہفتہ کو مسٹر گاندھی سماج کے مختلف طبقوں کے لوگوں سے ملاقات کریں گے ۔امیٹھی پارلیمانی حلقہ کے تحت آنے والے پانچ اسمبلی حلقوں میں سے چار امیٹھی، جگدیش پور، گوری گنج اور تلوئی اسمبلی حلقہ آتے ہیں جبکہ سلون اسمبلی حلقہ رائے بریلی میں ہے ۔