جے پور: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی صدر ڈاکٹر ستیش پونیا نے کانگریس کے سابق قومی صدر راہل گاندھی کے جے پور کی ریلی میں دئے گئے بیان پرجوابی حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی ہندواورہندوتوا کے بارے میں عجیب و غریب تشریح سے لگتا ہے کہ وہ ہندوؤں، ہندوتوا اور قوم پرستی کے خلاف ہیں۔
ڈاکٹر پونیا نے چورو میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر راہل گاندھی آج جے پور آئے، انہوں نے نہ تو ریاست کے کسانوں سے مکمل قرض معافی کا وعدہ پورا کیا، نہ ہی بے روزگاروں کے مفادات کے بارے میں کچھ کہا، نہ بھرتیوں پر کہا اورنہ خواتین کی عصمت کی حفاظت کے بارے میں کچھ بولا۔
اس کے برعکس انہوں نے ہندو اور ہندوتوا کی عجیب و غریب تشریح کی، سب جانتے ہیں کہ ہندو ایک طرز زندگی ہے، ہندو اور ہندوتوادی ہونا یہ کسی بھی ہندوستانی کے لئے فخر کی بات ہے۔