پٹنہ ،27اپریل ؛کانگریس کے قومی صدر راہل گاندھی کے خلاف ہتک عزت کے ایک معاملہ میں بہار کی راجدھانی پٹنہ کے چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ نے آج نوٹس لیتے ہوئے سمن جاری کرنے کا حکم دیاہے ۔
چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ ششی کانت رائے نے مسٹر گاندھی کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 500کے تحت نوٹس لینے کےبعد معاملہ کو ایڈیشنل جوڈیشیل مجسٹریٹ (فرسٹ )کمار گنجن کی عدالت کو آگے کی کارروائی کےلیے سونپ دیاہے ۔عدالت نے مسٹر گاندھی کی موجودگی کے لیے معاملہ میں 20مئی 2019کی اگلی تاریخ مقررکی ہے ۔
واضح رہے کہ بہار کے نائب وزیراعلی سشیل کمار مودی نے 18اپریل 2019کو اسی عدالت میں ہتک عزت کا ایک مقدمہ دائر کیاتھا۔عدالت نے 26اپریل کو مسٹر مودی کے حلف نامہ پر بیان قلم بند کیاتھا۔مسٹر مودی کی طرف سے مسٹر گاندھی کی تقریر کی ریکارڈنگ کی سی ڈی بھی داخل کی گئی تھی ،جس کے بعد سماعت کرکے عدالت نے اپنا حکم محفوظ کرلیاتھا۔
مقدمہ میں مسٹر گاندھی کے 13اپریل 2019کو کرناٹک کی ایک انتخابی ریلی میں دیے گئے اس بیان کو ہتک عزت والابتایاگیاہے ،جس میں انھوں نے مبینہ طور سے کہاتھاکہ مودی کی عرفیت والے سبھی چورکیوں ہیں ۔