مہاراشٹر کانگریس کی اطلاع کے مطابق راہل گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا 12 مارچ کو مہاراشٹر میں داخل ہوگی اور 17 مارچ کو ممبئی کے شیواجی پارک میدان میں یاترا کے
ممبر پارلیمنٹ راہل گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو نیا ئےیاترا 12 مارچ کو نندوربار سے مہاراشٹر میں داخل ہوگی اور 17 مارچ کو ممبئی میں اس کا اختتام ہوگا۔ اس یاترا کی تمام تیاریاں تقریباً مکمل ہوچکی ہیں۔ نیا ئے یاترا کا اختتامی اجلاس ممبئی کے تاریخی شیواجی پارک میدان میں ہوگا، جس میں انڈیا الائنس کے تمام اہم لیڈران شریک ہونگے اور اسی جلسے کے ذریعے آنے والے لوک سبھا انتخابات کا بگل بجایا جائے گا۔ یہ اطلاع مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ناناپٹولے نے دی ہے۔
اس ضمن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ناناپٹولے نے کہا کہ ’’راہل گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا کے مہاراشٹر میں داخل ہونے کے بعد نندوربار سے ممبئی تک کے انتظامات کی ذمہ داری متعلقہ علاقوں اور اضلاع کے لیڈروں کو سونپی گئی ہے۔ شیواجی پارک میدان میں اس یاترا کا اختتامی جلسہ منعقد ہوگا، جس کی ا جازت ہمیں مل چکی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’یہ ہمارے لیے خوشی اور فخر کی بات ہے کہ بھارت جوڑو نیائے یاترا چھترپتی شیواجی مہاراج، راجرشی شاہو مہاراج، مہاتما پھلے، ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر جیسے عظیم شخصیات کے افکار کی سرزمین پر اختتام پذیر ہو رہی ہے لیکن مرکز اور ریاست کی بی جے پی حکومتیں ان عظیم انسانوں کے نظریات کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہیں۔ بی جے پی جمہوریت اور آئین کو تباہ کر رہی ہے لیکن ہم انہیں ایسا ہرگز نہیں کرنے دیں گے۔‘‘
اس موقع پر کانگریس کے ریاستی صدر نے لوک سبھا انتخابات میں ریاست میں بی جے پی امیدواروں کے تعلق سے بھی بات کی اور کہا کہ ’’بھارتیہ جنتا پارٹی کے پاس کوئی قابل امیدوار نہیں ہے، اس لیے وہ دوسری پارٹیوں سے لیڈروں کی چوری کر رہی ہے۔ بی جے پی کے 2 کارکنان ای ڈی اور سی بی آئی بھی اسی کام میں لگے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’اس لوک سبھا انتخابات میں مرکزی وزیر نتن گڈکری کو ٹکٹ ملے گا یا نہیں کچھ یقین سے نہیں کہا جاسکتا۔ گڈکری ایک قومی لیڈر ہیں اور ان کا نام بی جے پی کی پہلی فہرست میں ہونا چاہیے تھا لیکن ایسا نہیں ہوا۔‘‘ پٹولے نے کہا کہ ’’ناگپور کے لیے کانگریس کے پاس بھی قابل امیدوار ہے اور جیت کا جھنڈا لہرائے گا۔‘‘