نئی دہلی : کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی بہار کے دورے پر رہیں گے اور وہ ریاست کے دربھنگہ ضلع کے بھوگل پور میں طلبا کے ساتھ تعلیمی نیائے سموادپروگرام میں بات چیت کے بعد مہاتما پھولے پر بنی فلم دیکھیں گے۔
کانگریس نے اپنے سرکاری ایکس پیج پر یہ معلومات دیتے ہوئے بتایا کہ مسٹر گاندھی پہلے امبیڈکر ہاسٹل بھوگل پور میں طلبا سے ’نیائے سمواد‘ پروگرام میں بات چیت کریں گے اور پھر دوپہر کے بعد سب کے ساتھ پھولے پر بنی فلم دیکھیں گے۔
پارٹی نے بہار حکومت پر الزام لگایا ہے کہ بہار حکومت مسٹر گاندھی کے پروگرام سے ڈر گئی ہے، جس کی وجہ سے مقام پر افراتفری پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ مسٹر گاندھی دربھنگہ میں سماجی انصاف کے لیے تعلیمی ‘نیائے سمواد ‘ کے تحت طلبا اور نوجوانوں سے بات چیت کریں گے۔
کانگریس نے کہا، “مسٹر گاندھی مسلسل ذات پات پر مبنی مردم شماری کا مطالبہ اٹھا رہے ہیں، جس کے سامنےمرکزی حکومت جھکی اور فیصلہ کیا ہے کہ ذات پات پر مبنی مردم شماری کرائی جائے گی، لیکن ہمارا مطالبہ ہے کہ ذات پات پر مبنی مردم شماری جلد از جلد کرائی جائے، ریزرویشن میں 50 فیصد کی حد ختم کی جائے اور نجی تعلیمی اداروں اور نجی کمپنیوں میں بھی ریزرویشن نافذ کیا جائے۔”