نئی دہلی:متحدہ ترقی پسند اتحاد کی چے ئرمین سونیا گاندھی نے آج کہا کہ ملک کا موجودہ ماحول خوفناک اور ایک دوسرے پر شبہ کرنے والا بنادیا گیا ہے تاہم انہیں یقین ہے کہ بدلتے ہوئے سیاسی حالات میں کانگریس صدر راہل گاندھی کی نوجوان قیادت انقلابی ثابت ہوگی۔
کانگریس صدر سونیا گاندھی نے نو منتخب کانگریس صدر راہل گاندھی کو پارٹی کی کمان سونپنے کے لئے آج یہاں منعقد تقریب میں سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک میں آئینی قدروں پر حملے کئے جارہے ہیں اور چاروں طرف خوف او رشبہ کا ماحول بنا ہوا ہے ۔ملک کے سامنے موجودہ وقت میں اتنے بڑے بڑے چیلنجز ہیں جواس سے پہلے کبھی نہیں رہے اور انہیں امید ہے کہ پارٹی کی نئی قیادت اور نیا جوش ان چیلنجوں سے نمٹنے کے قابل ہے ۔انہوں نے کہا کہ ان تمام حالات کے درمیان کانگریس کو راہل گاندھی کی شکل میں ایک نیا اور نوجوان قیادت ملا ہے ۔ایک ماں کی حیثیت سے وہ راہل گاندھی کی تعریف نہیں کرناچاہتیں لیکن بچپن سے انہوں نے تشدد اور نقصان کا بے پناہ دکھ جھیلا ہے اور سیاست میں آگر انہوں نے ذاتی حملوں کا سامنا کیا ۔لیکن ذاتی حملوں نے انہیں اور مضبوط اور نڈر بنایا ہے اور انہیں پورا بھروسہ ہے کہ وہ ان چیلنجوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر سکیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ ان کو راہل کے صبر و تحمل پر یقین ہے اور وہ پارٹی کواپنی قابلیت کے ساتھ آگے بڑھائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ وہ مسٹر گاندھی کے جوش کو سمجھتی ہیں۔مسز گاندھی نے کہا کہ سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی اور سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کی قربانیوں کو بامعنی بنانے کے لئے 20 سال پہلے جب انہوں نے کانگریس کی باگ ڈور سنبھالی تھی اس وقت بھی پارٹی کے سامنے کئی بڑے چیلنجز تھے ، لیکن آج ملک ان سے بھی بڑے چیلنجوں کا سامنا کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ کانگریس کے کارکنوں کے جوش کو بھی جانتی ہیں اور جو بے مثال ہے ۔وہ ملک کے لئے جدوجہد کرنے کو تیار ہیں۔ وہ جھکیں گے نہیں، پیچھے ہٹیں گے نہیں کیونکہ کانگریس کا مقصد ملک اور اس کے اقدار کی حفاظت کرنا ہے ۔مسز گاندھی نے کہا کہ آج ملک کے بنیادی اصول و اقدار پر باقاعدہ حملے ہو رہے ہیں۔ ہمارے ثقافتی ورثہ اور ثقافت کو کمزور کیا جا رہا ہے ۔ پورے ملک میں خوف کا ماحول ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس ماحول میں کانگریس کو اپنے دل میں جھانک کر کام کرنا ہو گا اور پارٹی کارکنوں کو ایک اخلاقی جنگ جیتنے کے لئے قربانی اور تیاگ کے لئے تیار رہنا پڑے گا۔