کانگریس صدر راہل گاندھی نے عدم اعتماد کی تحریک پر بحث کے دوران وزیر اعظم مودی ، بی جے پی اور آر ایس ایس پر جم کر نشانہ سادھا ۔
انہوں نے کہا کہ میں بی جے پی کیلئے پپو ہوسکتا ہوں ، لیکن میرے دل میں ان کیلئے ہمیشہ پیار رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ میں بی جے پی اور آر ایس ایس کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے مذہب سکھایا ۔ ان لوگوں نے مجھے ہندوستانی ہونے کا مطلب سکھایا ، میں اسی طرح سے ان سے پیار کروں گا اور انہیں کانگریس کی طرف لانے کی کوشش کروں گا ۔
اپنی تقریر کے بعد راہل گاندھی وزیر اعظم مودی کے پاس پہنچے اور ان کو گلے لگایا ۔ راہل گاندھی کے اس طرح گلے لگانےپر وزیر اعظم نے بھی ان کا ہاتھ پکڑا اور مبارکباد دی ۔
راہل گاندھی اپنی تقریر کے دوران وزیر اعظم مودی پر کافی جارحانہ انداز میں حملے کرتے ہوئے نظر آئے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان خواتین کا تحفظ نہیں کررپا ہے ، ملک میں جگہ جگہ غریبوں ، آدیواسیوں اور مزدوروں کے ساتھ مار پیٹ کی جارہی ہے ، لیکن مودی جی کے منہ سے ایک لفظ نہیں نکلتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پورے ملک نے ابھی دیکھا ہے کہ میں نے وزیر اعظم مودی کے بارے میں صاف صاف بولا ہے اور وزیر اعظم مجھ سے نظر نہیں ملا رہے ہیں ، یہ سچائی ہے ۔ چوکیدار نہیں ، بھاگیدار ہیں ۔ ملک کو یہ بات سمجھ میں آگئی ہے۔