لکھنؤ: دیوریا سے دہلی کسان یاترا کو لے کر نکلے کانگریس نائب صدر راہل گاندھی کل ایودھیا کے مشہور ھنومان گڑھي مندر میں متھا ٹیک سکتے ہیں۔ چھ ستمبر کو دیوریا سے کسان یاترا شروع کرنے والے مسٹر گاندھی آج دیر شام فیض آباد پہنچیں گے ۔ صبح وہ ایودھیا جائیں گے ۔ وہاں ان کا ھنومان گڑھي میں پوجا کرنے کا پروگرام ہے ۔
وہ متنازعہ مقام پر رکھے گئے رام للا کے درشن کرنے بھی جا سکتے ہیں، اگرچہ پارٹی اور انتظامیہ نے ان کے رام للا کے درشن کوجانے کے پروگرام کی تصدیق نہیں کی ہے لیکن ان کے لئے کی جانے والی انتظامی کاروائی کی وجہ سے ان کے رام للا کے درشن کرنے کا بھی قیاس لگائے جا رہے ہیں۔
راہل گاندھی کی دادی اور سابق وزیر اعظم آنجہانی اندرا گاندھی کا ھنومان گڑھي سے خصوصی لگاؤ [؟][؟]تھا۔ وہ کئی بارھنومان گڑھي کے درشن کر چکی تھیں۔ فیض آباد کے پولیس سپرنٹنڈنٹ (شہری)سنکلپ شرما نے ‘یواین آئی’ کو بتایا کہ ان کے رام للا کے درشن کرنے کا پروگرام فی الحال ابھی تک نہیں ہے لیکن اگر وہ جانا چاہیں گے تو انتظامیہ نے اس کے لئے پورا انتظام کر رکھا ہے ۔ مسٹر شرما نے بتایا کہ پروگرام تو ھنومان گڑھي کا ابھی نہیں آیا ہے لیکن احتیاط کے طور پر سیکورٹی کے انتظامات وہاں بھی کئے گئے ہیں۔ مسٹر شرما نے بتایا کہ مسٹر گاندھی کے دورے کے پیش نظر اس حساس شہر میں پولیس کی بڑے پیمانے پر تعیناتی کی گئی ہے ۔ سرکٹ ہاؤس سے لے کر ان کے آنے جانے کے راستے پر دونوں جانب پولیس تعینات ہوگی۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسٹر گاندھی ھنومان گڑھي جا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ رام للا کے درشن کرنے بھی جائیں گے ۔