نئی دہلی،2 دسمبر(یواین آئی) کانگریس کے سابق صدرراہل گاندھی اور جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے حکومت پر یہ کہتے ہوئے حملہ کیا ہے کہ وہ جھوٹ اور جھوٹے پروپیگنڈے کی بنیاد پر کام کرتی ہے ،
اسلئے کسان تحریک کو ختم کرنے کا کوئی مشن کامیاب نہیں ہو سکتا مسٹر گاندھی نے ٹوئٹ کیا’’کسان کی آمدنی دوگنی ہوگی۔ ’دوستوں‘ کی آمدنی چوگنی اور کسانوں کی آمدنی ہوگی نصف۔ جھوٹ ، لوٹ مار ، سوٹ بوٹ کی سرکار۔ ‘‘
اس ٹوئٹ کے ساتھ ہی مسٹر گاندھی نے ایک ویڈیو بھی شیئر کیا ہے جس میں پولیس کسانوں پر آنسو گیس اور لاٹھیاں برسا رہی ہیں اورپانی کی بوچھاریں کر کے اور خاردار بیریکیڈ لگاکر مشتعل کسانوں کو روک رہی ہے۔
مسز پرینکا گاندھی نے کہا’’جب حکومت کا مقصد صرف منافقت اور جھوٹا پروپیگنڈا ہو تومشن ناکام ہو ہی جائیں گے۔اترپردیش میں خواتین کے خلاف بڑھتے جرائم پر پردہ ڈالنے کے لئے بی جے پی حکومت کا ’مشن شکتی‘ ناکام ہوگیا۔ ایک ماہ بعد اس لڑکی کو جلا دینے والوں کے خلاف رپورٹ درج کی جارہی ہے۔ جرائم بڑھتے جارہے ہیں‘‘۔