دہلی کی سرحدوں پر کسانوں کا احتجاج لگاتار جاری ہے، دریں اثنا، راشٹریہ لوک دل کے لیڈر جینت چودھری سنگھو بارڈر پہنچ گئے ہیں۔ یہاں کسانوں کی بھاری تعداد کے پیش نظر حفاظت کے سخت انظامات کئے گئے ہیں۔
دوستوں کی آمدنی چوگنی اور کسانوں کی آدھی! راہل گاندھی
راہل گاندھی نے کسان تحریک کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں پولیس کی طرف سے مظاہرہ کر رہے کسانوں پر پانی کی بوچھاڑ ماری جا رہی ہے۔ راہل گاندھی نے ٹوئٹ میں لکھا، ”کہا – کسان کی آمدنی دوگنی ہوگی۔ کیا- دوستوں کی آمدنی چوگنی اور کسان کی آدھی ہوگی۔ جھوٹ کی، لوٹ کی، سوٹ بوٹ کی سرکار۔”
دہلی-میور وہار بارڈر پوری طرح بند
کسانوں کی تحریک کے پیش نظر انتظامیہ نے دہلی میں میور وہار – نوئیڈا بارڈر سیل کر دیا ہے۔ اس سے پہلے دہلی پولیس نے بتایا کہ کسان تحریک کے پیش نظر ٹیکری بارڈر، جھاڑودا بارڈر، جھٹیکرا بارڈر ٹریفک کی آمد و رفت کے لئے پوری طرح بند ہے۔ جبکہ بدو سرائے بارڈر صرف ٹو ویلر کے لئے کھلا ہے۔
کسانوں کے احتجاج کے سبب دہلی کی سبزی منڈیوں میں سبزیوں کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے۔ دہلی کی دو بڑی سبزی منڈیوں آزادپور اور غازی پور کے کاروباریوں کا کہنا ہے کہ اگر کسان تحریک لمبی چلی تو آنے والے دنوں میں دہلی کے باشندگان کو مہنگائی کے بحران سے دو چار ہونا پڑ سکتا ہے۔
زرعی قوانین پر آج اپنے تحفظات سے آگاہ کریں گے کسان، کل پھر ہونگے مذاکرات
مرکزی حکومت اور کسان تنظیموں کے مابین گزشتہ روز ہونے والے مذاکرات بے نتیجہ رہے، جس کے بعد کسانوں نے کہا ہے کہ ان کی تحریک اس وقت تک جاری رہے گی جب تک یہ قوانین واپس نہیں ہو جاتے۔
کسان مورچہ آج مرکزی حکومت کو زرعی قوانین کے تئیں اپنے تحفظات سے آگاہ کرائے گا۔ بھارتیہ کسان یونین (سدھ پور جتھا) کے سربراہ جگجیت سنگھ دھالی وال نے بتایا کہ ہم نے کل ہونے والی میٹنگ میں اپنا موقف پیش کیا تھا، لیکن آج ہم ان کو تحریری طور پر اپنے تحفظات پیش کریں گے۔ کل حکومت کے ساتھ ایک مرتبہ پھر مذاکرات ہوں گے اور ہر نکتے پر تفصیل سے بات چیت ہوگی۔
نئے زرعی قانون کے خلاف کسانوں کا احتجاج ساتوے دن بھی جاری ہے اور مرکزی حکومت سےکل ہوئی بات چیت میں کوئی حل نہیں نکلا ہے۔ کسانوں نے کہا ہے کہ ان کی احتجاجی تحریک جاری رہے گی۔ ادھر خبر ہے کہ آج میوات کے کسان دہلی کوچ کریں گے ۔ حکومت نے اس پیش رفت کو دیکھتے ہوئے دہلی اور نویئڈا کا چلابارڈر بند کر دیا ہے۔ ادھر خبر ہے کہ کسانوں کی تحریک کی وجہ سے کچھ ٹرینوں کو کینسل کر دیا ہے۔