نئی دہلی: مانسون نے اس بار وقت سے پہلے ہی موسم کا مزاج بدل دیا۔ ملک کے بیشتر علاقوں میں اس وقت بارش جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے کچھ ریاستوں میں موسلادھار بارش، گرج چمک اور طوفان کے حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے۔
اس بار مہاراشٹر میں اتنی بارش ہوئی کہ سارے ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ اس کے ساتھ ہی جنوبی ریاستوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
موسم کی پیشن گوئی اور الرٹ
بنگلہ دیش کے اوپر بنے ڈپریشن کی وجہ سے آج شمال مشرقی ریاستوں میں شدید بارش کا امکان ہے۔ ویسے ان ریاستوں میں پہلے ہی بارش ہو رہی ہے۔
جنوب مغربی مانسون
خلیج بنگال پر بننے والے ڈپریشن کی وجہ سے کئی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
شمال مشرقی ہندوستان
31 مئی سے 01 جون کے دوران شمال مشرقی ہندوستان میں آسام، میگھالیہ، اروناچل پردیش، سکم، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں مختلف مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
جنوبی ہندوستان
کیرالہ اور کرناٹک میں ہفتہ اور اتوار کے دوران گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بڑے پیمانے پر بارش ہو سکتی ہے۔ اس دوران تمل ناڈو، پڈوچیری، کرائیکل، ساحلی آندھرا پردیش، یانم، رائلسیما، تلنگانہ میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ الگ الگ مقامات پر ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔ آج سے دو جون تک ساحلی کرناٹک، کیرالہ اور ماہے میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
شمال مغربی ہندوستان
جموں و کشمیر، لداخ، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، پنجاب، ہریانہ، چندی گڑھ، دہلی میں آج سے اگلے ایک یا دو دن تک کچھ حصوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔ دریں اثنا، اتر پردیش، راجستھان میں موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔ 02 سے 05 جون کے دوران مغربی راجستھان میں کچھ مقامات پر دھول کے طوفان کا بھی امکان ہے۔
مغربی ہندوستان
کونکن اور گوا کے بعض مقامات پر آج سے ایک یا دو دن تک موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
مشرقی اور وسطی ہندوستان
سنیچر اور اتوار کے دوران ودربھ، چھتیس گڑھ، مغربی بنگال کے گنگا کے میدانی علاقوں، جھارکھنڈ، اڈیشہ، مدھیہ پردیش، بہار میں کچھ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔