سری نگر،22 جنوری (یو این آئی) محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر کے میدانی علاقوں میں بارشیں جبکہ بالائی علاقوں میں ہلکی برف باری ہوئی تاہم شبانہ درجہ حرارت بیشتر مقامات پر نقطہ انجماد سے اوپر درج کیا گیا۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالترتیب قریب 12 سینٹی میٹر اور 3.5 سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی ہے۔
بتادیں کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ہلکے سے درمیانی درجے کی برف باری متوقع ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ وادی میں 23 جنوری کو ہلکے سے درمیانی درجے کی برف باری کا امکان ہے اور بعد ازاں 24 جنوری سے موسم میں بہتری واقع ہونے کی توقع ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 1.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت 2.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب 2.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سری نگر میں 18 دسمبر کو رواں موسم کی سرد ترین رات درج ہوئی تھی جب کم سے کم درجہ حرارت منفی6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے مشہور دہر سیاحتی مقام گلمرگ جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران قریب12 سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی6.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب منفی7.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران3.5 سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔