جے پور : راجستھان کے دارالحکومت جئے پور کے سوائی مان سنگھ اسٹیڈیم میں ضلع جے پور اور ضلع جے پور دیہی کے ضلع سطح کے کھیلوں کے مقابلے آج شروع ہوئے ۔
ایم ایل اے امین کاغذی کی زیر صدارت افتتاحی تقریب میں جے پور اور جے پور دیہی کے 4 ہزار 800 سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ اپنے خطاب میں مسٹر کاغذی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت کا یہ ارادہ ہے کہ وہ گاؤں اور شہروں کے کھیلوں کے ہنر کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم مہیا کریں تاکہ وہ آگے بڑھ کر بین الاقوامی مقابلوں میں ملک اور ریاست کا نام روشن کر سکیں۔
ضلعی سطح کے کھیلوں کے تحت جے پور ضلع کی کل 305 ٹیموں کے درمیان کرکٹ، فٹ بال، والی بال، رسہ کشی، کبڈی، ایتھلیٹکس، باسکٹ بال، کھو کھو کے میچ کھیلے جا رہے ہیں۔ مردوں کی کیٹگری کی 183 ٹیموں میں 1 ہزار 757 کھلاڑی اپنے جوہر دکھا رہے ہیں تو وہیں خواتین زمرے کی 122 ٹیموں میں 601 کھلاڑی کھیلوں کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کررہے ہیں۔
جے پور رورل ضلع کے ضلعی سطح کے مقابلوں میں 229 ٹیموں کے 2 ہزار 507 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ خواتین کے زمرے میں 105 ٹیموں میں 1 ہزار 132 تو وہیں مینز کیٹگری کی 124 ٹیموں میں 1 ہزار 375 کھلاڑی اپنے کھیل کے جوہر دکھا رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ ریاست کے شہری اور دیہی علاقوں سے نوجوان کھیلوں کی صلاحیتوں کو تلاش کرنے اور ان کو نکھارنے کے لیے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت کی پہل راجیو گاندھی اربن اینڈ رورل اولمپکس کا انعقاد کیا جا رہا ہے ۔