جیسلمیر ، 9 اگست ( یواین آئی ) راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے مرکزی حکومت کے کئی وزراء کا نام لیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی بدقسمتی ہے کہ اقتدار میں ایسے لوگ بیٹھے ہوئے ہیں جو جمہوریت کو کمزور کرنے میں لگے ہیں۔
خیمہ بندی میں راہ رہے اپنے حامی اراکین اسمبلی سے ملنے آج یہاں پہنچے گہلوت نے ہوائی اڈے کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی سازش کی قلعی کھل گئی ۔ بی جے پی اب خیمہ بندی کر رہی ہے ۔ میرا خیال ہے کہ بی جے پی میں زبردست پھوٹ پڑ گئی ۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہ اقتدار میں سرکار ہماری ہے اور خیمہ بندی بی جے پی کررہی ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی سازش کامیاب نہیں ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے منتخب حکومت کو گرانے کی کوششوں کی ہمیشہ مخالفت کی ہے ۔
مسٹر گہلوت نے کہا کہ بی جے پی کے کیلاش میگوال پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ منتخب حکومت کو گرانے کی سازش غلط روایت ہے۔ بی جے پی کے کئی اراکین اسمبلی اس پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب بی جے پی اپنے اراکین اسمبلی کی تین چار مختلف مقامات پر خیمہ بندی کررہی ہے ۔
گہلوت نے پوچھا کہ جب ریاست میں کانگریس کی حکومت ہے تو پھر بی جے پی کو اپنے اراکین اسمبلی کی خیمہ بندی کرنے کی نوبت کیوں آئی؟ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بی جے پی میں خیمہ بندی عروج پر پہنچ چکی ہے اور آپسی خلفشار کے باعث اراکین اسمبلی کو ٹوٹنے سے بچانے کے لئے خیمہ بندی کی جارہی ہے۔