نئی دہلی، 29 اگست (یواین آئی) راجیہ سبھا کی اترپردیش کی دو خالی نشستوں کے لئے ضمنی انتخابات 23 ستمبر کو کرائے جائیں گےالیکشن کمیشن نے جمعرات کو یہاں ان نشستوں کے لئے انتخابی پروگرام جاری کیا۔
سماج وادی پارٹی کے ممبران پارلیمنٹ -سریندر ناگر اور سنجے سیٹھ نے بالترتیب دو اگست اور پانچ اگست کو پارلیمنٹ کے ایوان بالا کی رکنیت سے استعفی دے دیا تھا۔ ان کی رکنیت کی مدت چار جولائی 2022 تک تھی۔
انتخابی پروگرام کے مطابق پانچ ستمبر کو نوٹیفکیشن جاری کئے جائیں گے جبکہ نامزدگی کی آخری تاریخ 12 ستمبر مقرر کی گئی ہے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ 13 ستمبر کو ہوگی جبکہ 16 ستمبر تک نام واپس لئے جا سکیں گے۔ اگر ضرورت پڑی تو 23 ستمبر کو صبح نو بجے سے چار بجے تک پولنگ کرائی جائے گی۔ ووٹوں کی گنتی اسی دن پانچ بجے سے ہوگی۔