نئی دہلی، 13 جون (یو این آئی) مودی حکومت میں سنیئرٹی کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر آنے والے مسٹر راج ناتھ سنگھ نے جمعرات کو مسلسل دوسری بار وزیر دفاع کا عہدہ سنبھالا۔
مسٹر سنگھ کے وزارت دفاع کے دفتر ساؤتھ بلاک پہنچنے ہر دفاع کے وزیر مملکت سنجے سیٹھ، دفاعی سکریٹری گردھر ارمانے، چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان، آرمی چیف جنرل منوج پانڈے، فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل وی آر چودھری اور بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دنیش ترپاٹھی موجود تھے۔ وزارت دفاع کے دفتر اور وزارت دفاع کے کئی اعلیٰ افسران نے ان کا خیرمقدم کیا۔
لکھنؤ لوک سبھا سیٹ سے جیت کر لوک سبھا پہنچنے والے مسٹر سنگھ کو سال 2019 میں پہلی بار وزیر دفاع بنایا گیا تھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے وزیر دفاع کے طور پر ان کے کام پر اعتماد ظاہر کرتے ہوئے اس بار بھی انہیں وزارت دفاع کی ذمہ داری سونپی ہے۔
مودی حکومت کے پہلے دور میں انہیں وزیر داخلہ کی ذمہ داری دی گئی تھی۔
چارج سنبھالنے کے بعد مسٹر سنگھ نے ان پر اعتماد ظاہر کرنے کےلئے مسٹر مودی کا شکریہ ادا کیا۔