نئی دہلی : وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے چین کے ہانگزو میں حال ہی میں ختم ہونے والے 19ویں ایشیائی کھیلوں میں تمغہ جیتنے والوں اور مسلح افواج کے معاون عملے کو آج اعزاز سے نوازا اور ان کے لیے نقد انعامات کا اعلان کیا۔
مسٹر سنگھ نے منگل کو یہاں ایک تقریب میں ایشیائی کھیلوں میں حصہ لینے والے 76 کھلاڑیوں اور عملے سے بات چیت کی اور انہیں کھیلوں میں بہترین کارکردگی کے لیے مبارکباد دی۔
اس موقع پر وزیر دفاع نے وزارت کی جانب سے اعلان کیا کہ طلائی تمغہ جیتنے والے کو 25 لاکھ روپے ، چاندی کا تمغہ جیتنے والے کو 15 لاکھ روپے اور کانسہ کا تمغہ جیتنے والے کو 10 لاکھ روپے کا نقد انعام دیا جائے گا۔ مسلح افواج کے جوانوں نے ان کھیلوں میں سونے کے 02، چاندی کے 03 اور کانسہ کے 03 تمغے جیتے ہیں۔
مسٹر سنگھ نے ان کھلاڑیوں کی بھی تعریف کی جنہوں نے اپنی بہترین کارکردگی دکھائی لیکن تمغہ نہیں جیت سکے ۔
انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ یہ تمغے اور پرفارمنس ملک کے نوجوانوں کو کھیلوں میں آگے آنے کی ترغیب دیں گے ۔ انہوں نے کھلاڑیوں سے کہا، “آپ صرف ایک تمغے کی نمائندگی نہیں کر رہے ہیں، بلکہ ہندوستانی معاشرے کی بہترین کارکردگی کی کہانی بھی ہیں۔ آپ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کا ایک بہترین ذریعہ ہیں۔
وزیر دفاع نے مختلف کھیلوں میں تمغے جیتنے پر مسلح افواج کے جوانوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ میدان جنگ ہو یا کھیل کا میدان، ایک سپاہی ہمیشہ لگن، نظم و ضبط، محنت اور ملک کے لیے کچھ کرنے کے جذبے کی وجہ سے کارکردگی کا مظاہرہ کرتا ہے ۔ یہ خوبیاں کھیلوں میں تمغے جیتنے میں ہماری مدد کرتی ہیں۔ سپاہی کے اندر ایک کھلاڑی ہوتا ہے ۔ ہر کھلاڑی کے اندر ایک سپاہی ہوتا ہے ۔”
اعزازی تقریب میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل وی آر چودھری، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل منوج پانڈے ، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل سنجے جسجیت سنگھ اور سینئر افسران موجود تھے ۔