نئی دہلی ، 26 جولائی ؛ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے آج کارگل وجئے دیوس کے موقع پر یہاں نیشنل وارمیموریل جا کرمادر وطن کے دفاع میں اپنی جانیں قربان کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
مسٹر سنگھ کے ساتھ وزیر مملکت برائے دفاع اجئے بھٹ نے بھی وارمیموریل پر ملک کے بہادر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
مسٹر سنگھ اور مسٹر بھٹ اب سے کچھ دیر قبل نیشنل وار میموریل پہنچے اور انہوں نے شہدا کوسلام پیش کیا۔
وزیر دفاع نے ٹویٹ کیا ’’ کارگل وجئے دیوس کے موقع پر میں ہندوستانی فوج کی جرأت ، شجاعت اور قربانی کو سلام پیش کرتا ہوں‘‘۔ اس موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ’’ کارگل جنگ کے بہادرجوانوں نے ہندوستان کی سلامتی کا سنہری باب اپنی ہمت ، بہادری اور قربانی سے لکھا ہے ‘‘۔
مشکل اور دشوار حالات کے باوجود ہندوستانی فوج نے کارگل میں جو فتح حاصل کی وہ اپنے آپ میں بے مثال ہے ۔
میں کارگل جنگ میں شہید ہونے والے سبھی بہادر فوجیوں کے اہل خانہ کو ایک بار پھر یقین دلانا چاہتا ہوں کہ یہ ملک ان کی قربانی ، ان کی یاد کو کبھی فراموش نہیں کرے گا ۔ دہلی میں نیشنل وار میموریل ہمارے اس عزم کی علامت ہے ۔ امر چکر پر جل رہی امر جیوتی ہندوستانی فوج کی بہادری اور قربانی کی ’اگنی ساکشی ‘ہے ۔