لکھنؤ، 11 مئی (یو این آئی) وزیر دفاع اور مقامی رکن پارلیمنٹ راج ناتھ سنگھ نے منگل کے روز کہا کہ یوگی حکومت نے اتر پردیش میں کورونا وائرس سے متعلق امور کو سنبھالنے میں جو تیزی ظاہر کی ہے وہ قابل تعریف ہے مسٹر راجناتھ سنگھ نے یہاں وزارت دفاع کے تحت ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ (HAL) اور حکومت اترپردیش کے اشتراک سے تعمیر کردہ 255 بستروں پر مشتمل کووڈ اسپتال کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ ان کے ہمراہ تھے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ کورونا بحران کے مشکل وقت کے دوران وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور ان کی ٹیم نے حیرت انگیز کام کیا۔ اترپردیش کی حکومت نے ریاست میں کورونا سے متعلق معاملات کو کنٹرول کرنے میں جس قدر سرگرمی سے کام کیا ہے، اس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔
اس موقع پر ، وزیر اعلی نے مرکزی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم مرکز سے مستقل طور پر مدد حاصل کررہے ہیں۔ مرکز نے آکسیجن ایکسپریس کے ذریعے ریاست کی مدد کی۔ فضائیہ کے طیارے سے آکسیجن کی فراہمی بڑھانے میں بھی مدد ملی، جس کے بعد ریاست میں کووڈ-19 کی صورتحال پر قابو پالیا گیا۔