چنئی: تمل فلموں کے سپر اسٹار رجنی کانت نے آج واضح اشارہ دیا کہ وہ جلد ہی سیاست میں قدم رکھیں گے ۔ رجنی کانت نے یہ بھی صاف کر دیا ہے کہ وہ تمل ناڈو کی دونوں اہم جماعتوں ڈی ایم اور اے آئي ڈی ایم کے کی بجائے کسی تیسری پارٹی کے ساتھ غریبوں اور محروموں کی سیاست کریں گے اور ریاست کو ایک نیا متبادل دیں گے ۔
رجنی کانت کے سیاست میں داخل ہونے پر جاری قیاس آرائیوں کے درمیان انہوں نے پانچ روزہ ضلع سطح کے فوٹو سیشن کے آخری دن اپنے مداحوں کے ساتھ تصویر یں کھینچواتے ہوئے اپنے سیاسی تیور دکھائے ۔انہوں نے ڈائیلاگ بولا کہ “جب جنگ ہوگا تو دیکھا جائے گا۔ تب تک ہمیں صبر برقرار رکھنا چاہئے “۔ یہاں ان کی جنگ سے مراد شاید الیکشن ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ تمل ناڈو میں آئندہ بڑا الیکشن 2019 میں ہونے والا جنرل الیکشن ہوگا اور سمجھا جاتا ہے کہ اسی کے مطابق رجنی کانت سیاست میں قدم رکھیں گے ۔ رجنی کانت نے کہا کہ وہ سیاست کے بارے میں کچھ بھی کہتے ہیں تو وہ بحث کا موضوع بن جاتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ “میں نے کبھی نہیں چاہا کہ میرے سیاسی تبصرے کوئی تنازعہ پیدا کرے ” ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی بغیر اپوزیشن کے خاص طور پر سیاست میں بڑا نہیں بن سکتا۔ انہوں نے کہاکہ “تملوں نے مجھے یہ زندگی دی ہے ۔ کیا مجھے سیاست میں اس لئے نہیں آنا چاہئے تاکہ وہ خوش رہیں اور خوشحال زندگی جی سکیں”۔ رجنی کانت نے دراویڈا منترا کژاگھم (ڈی ایم کے ) کے ایگزیکٹو چیئرمین ایم کے اسٹالن کو بہترین سیاستدان قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایک موثر ایڈمنسٹریٹر بھی ہیں۔اگر انہیں اختیار دیا جائے تو وہ بہتر کام کر سکیں گے ۔