رانچی: جھارکھنڈ کے لاتیہار میں جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) کی راجیہ سبھا ایم پی مہوا ماجھی آج سڑک حادثے کا شکار ہو گٓئیں۔ حادثے میں وہ شدید طور پر زخمی ہوئی ہیں اور ان کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے۔ انہیں بہتر علاج کے لیے رانچی کے ریمس اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق مہوا مانجھی کی کار ہوٹ باغ صدر تھانہ حلقہ کے قومی شاہراہ نمبر-75 پر صبح خوشبو ڈھابہ کے پاس کھڑے ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں مہوا کے علاوہ ان کے بیٹے سومبت ماجھی (42) اور بہو کیرتی (36) کے ساتھ کار ڈرائیور بھوپندر باسکی بھی زخمی ہے۔
حادثہ کی اطلاع ملتے ہی لاتیہار پولیس انسپکٹر کم تھانہ انچارج دُلاڑ چوڑے نے مستعدی دکھائی اور 108 ایمبولنس کے توسط سے سبھی زخمیوں کو صدر اسپتال لاتیہار پہنچایا گیا۔ جہاں ڈاکٹر سنیل کمار بھگت کے ذریعہ ابتدائی علاج کرکے بہتر علاج کے لیے رانچی ریمس منتقل کر دیا گیا۔
صدر اسپتال کے مطابق مہوا ماجھی کے بائیں ہاتھ کی قلائی میں فریکچر ہوا ہے۔ صدر اسپتال میں علاج کے بعد ایم پی کے بیٹے نے رانچی لے جانے کے لیے ایمبولنس کا مطالبہ کیا۔ حالانکہ انہوں نے الزام لگایا کہ اسپتال انتظامیہ نے تقریباً ایک گھنٹے تک تاخیر کی۔ انہوں نے مایوسی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بار بار گزارش کرنے کے باوجود ایمبولنس دستیاب نہیں کرائی گئی۔ آخرکار لاتیہار تھانہ انچارج دُلاڑ چودھری کی مداخلت کے بعد ایمبولنس کا انتظام ہو سکا اور زخمیوں کو ریمس رانچی بھیجا گیا۔
واضح ہو کہ جھارکھنڈ مکتی مورچہ کی سینئر رہنما اور راجیہ سبھا ایم پی مہوا ماجھی اپنے بیٹے اور بہو کے ساتھ اتر پردیش کے پریاگ راج مہا کمبھ میں اسنان کرنے گئی تھیں۔ جب ان کے ساتھ یہ خوفناک حادثہ پیش آیا تب وہ مہا کمبھ سے اسنان کرنے کے بعد واپس لوٹ رہی تھیں۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مہوا ماجھی کے کار ڈرائیور کو جھپکی آنے کی وجہ سے یہ حادثہ ہوا۔