نئی دہلی، 08 جولائی (یو این آئی) مرکزی وزراء نرملا سیتا رمن، پیوش گوئل، کانگریس کے جے رام رمیش، مکل واسنک، راشٹریہ لوک دل کے جینت چودھری اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے سریندر ناگر سمیت 27 نو منتخب اراکین نے راجیہ سبھا کے اراکین کے طور پر آج حلف لیا۔راجیہ سبھا کے چیئرمین ایم وینکیا نائیڈو نے جمعہ کو ان تمام ارکان کو ایوان بالا کی رکنیت کا حلف دلایا۔
یہ تمام اراکین حال ہی میں ہونے والے دو سالہ انتخابات میں کامیاب ہوئے تھے ۔ محترمہ سیتا رمن، مسٹر گوئل اور مسٹر ناگر ایوان بالا کے لیے دوبارہ منتخب ہوئے ہیں۔ حال ہی میں ان کی میعاد ختم ہوئی تھی۔حلف اٹھانے والے 27 ارکان دس ریاستوں سے منتخب ہوکر آئے ہیں اور انہوں نے دس زبانوں میں حلف لیا۔ ان میں سے 12 نے ہندی میں، چار نے انگریزی میں، سنسکرت، کنڑ، مراٹھی اور اُڑیا میں دو ،دواور ایک ایک ممبر نے پنجابی، تمل اور تیلگو میں حلف لیا۔بعد ازاں مسٹر نائیڈو نے واضح کیا کہ جن نو منتخب ارکان نے ابھی تک حلف نہیں لیاہے وہ بھی صدارتی انتخابات میں ووٹ ڈال سکتے ہیں۔