نئی دہلی، 15 دسمبر (یواین آئی) بھارتیہ کسان یونین کے لیڈر راکیش ٹکیت نے پولیس پر دہلی آرہے کسانوں کو پریشان کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجبور ہونے پر کسان اپنے مویشیوں کو تھانے میں باندھ دیں گے۔
مسٹر ٹکیت نے بیس دنوں سے جاری کسان تحریک کے درمیان کہا کہ اتر پردیش سے دہلی آ رہے کسانوں کو جگہ جگہ پریشان کیا جارہا ہے۔ انہوں نے دہلی میرٹھ شاہراہ کو جام کرنے کی بھی دھمکی دی ہے۔ ضرورت پڑنے پر کسان دہلی کو پوری طرح جام کردیں گے ۔
کسان لیڈر نے کہا ہے کہ ان کا یہ احتجاج غیر سیاسی ہے اور حکومت کو کسان تنظیم سے بات چیت کرکے اس مسئلے کو حل کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی اصلاحات قانون کسانوں کے خلاف ہے اور منیمم سپورٹ پرائس کو قانونی حیثیت دی جانی چاہئے۔