بھارتی اداکارہ راکھی ساونت نے دعویٰ کیا ہے یہ انہوں نے 10 پاکستانی اور 10 بھارتی عازمین کو عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ کردیا۔ راکھی ساونت نے انسٹاگرام پر عمرہ زائرین کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی سے براستہ روڈ سعود عرب بھجوانے کی ویڈیو بھی شیئر کردی۔
اداکارہ کی جانب سے عمرہ زائرین کو بھجواتے وقت بنائی گئی متعدد ویڈیوز میں انہوں نے بتایا کہ انہوں نے پہلی بار 10 پاکستانی اور 10 بھارتی افراد کو عمرے پر بھجوایا۔
راکھی ساونت کے مطابق انہوں نے دبئی میں مقیم پاکستانی اور بھارتی افراد کو عمرے کی ادائیگی کے لیے بھجوایا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے ہی تمام زائرین کے اخراجات اٹھائے اور ساتھ ہی ویڈیو میں انہوں نے زائرین کو کھانا اور احرام بھی دیا۔
ویڈیو میں نظر آنے والے زائرین نے بھی راکھی ساونت کو دعائیں دیں اور وہ اداکارہ سے احرام اور کھانا لے کر کوچ میں سوار ہوتے دکھائی دیے۔
راکھی ساونت نے عمرہ زائرین کو بھجواتے وقت بتایا کہ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان اچھے تعلقات اور دوستی کو پروان چڑھانے کے لیے دونوں ممالک کے افراد کو عمرہ پر بھجوایا۔
انہوں نے بتایا کہ ان کا اسلامی نام راکھی فاطمہ ہیں اور انہوں نے پہلی بار زائرین کو عمرہ پر بھجوایا، انہیں یقین ہے کہ خدا ان کے عمل کو قبول کرکے ان کے لیے آسانیاں فرمائیں گے۔
ایک ویڈیو میں راکھی ساونت کوچ میں چڑھ کر عازمین کو بتاتی دکھائی دیں کہ وہ عازمین کو عمرے کی ادائیگی کے لیے بھجوا رہی ہیں۔
انہوں نے عازمین سے بات بھی کی اور یہ بھی بتایا کہ بعض عازمین ان کے مداح بھی ہیں، اس دوران عازمین اداکارہ کو دعائیں دیتے دکھائی دیے۔
ویڈیو میں ایک پاکستانی شخص نے بتایا کہ انہیں معلوم نہیں کہ ان کے عمرے کے اخراجات کس نے برداشت کیے لیکن جن افراد نے بھی ان کے اخراجات برداشت کیے، خدا انہیں اجر عطا فرمائے۔
مذکورہ پاکستانی شخص کی بات کے دوران راکھی ساونت نے انہیں بتایا کہ انہوں نے ہی اخراجات برداشت کیے ہیں۔
راکھی ساونت کی جانب سے شیئر کردہ ویڈیوز میں ان کے سابق شوہر کو بھی دیکھا گیا، جنہوں نے حال ہی میں اداکارہ کو شادی کی پیش کش کرنے والے پاکستانی افراد کو آڑے ہاتھوں بھی لیا تھا۔