الحمدللہ ہم سب کو ایک بار پھر اللہ تعالیٰ نے رمضان المبارک کی نعمت نصیب فرمائ ھے. اللہ سے دعا ھے کہ اس عظیم الشان نعمت سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہونے کے مواقع اور عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین.
گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی رمضان المبارک کے ساتھ ساتھ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے واقعات کے سبب لاک ڈاؤن اور مختلف قسم کی پابندیوں کا سامنا ھے جس کی وجہ سے اس ماہ مبارک کی اہم عبادت تراویح کے ساتھ ہی فجر کی نماز کی باجماعت ادائیگی پر سوالیہ نشان لگا ہوا ھے. ہر دین پسند اور باشعور مسلمان اضطراب میں ھے اور اپنے اپنے طور پر اللہ سے دعا کر رہا ھے کہ ایسا کچھ نظم ہو جائے جس سے سبھی لوگوں کو یکسوئی کے ساتھ زیادہ سے زیادہ عبادت کرنے کا موقع حاصل ہو جائے.
عصر حاضر کو اگر شیطانی دور کا نام دیا جائے تو شاید غلط نہ ہوگا کیونکہ پورا انسانی معاشرہ مختلف قسم کی خرافات کا شکار ھے. ایک لاک ڈاؤن تو کورونا وائرس کی وجہ سے نافذ کیا گیا ھے جس کے اوقات اور مدت میں اضافے کا خطرہ بنا ہوا ھے مگر اس کے ساتھ ہی ایک اس سے بھی بڑے لاک ڈاؤن کا آغاز 9 اپریل سے ہو چکا ھے اور اس کو 30 مئی تک جاری رہنا ھے.
یہ ایسا لاک ڈاؤن ھے جو مذاہب اور ممالک کی قید سے آزاد ھے اور اس میں جنس اور عمر سے بھی کوئی سروکار نہیں ھے. کسی کو اس کے بارے میں کوئی واقفیت ہو نہ ہو مگر ہر کوئی اس کا دیوانہ نظر آتا ھے. اس کی خاص بات اس کے اوقات ہیں جو کہ غروب آفتاب کے قریب شروع ہو کر درمیانی شب تک پر محیط ہیں. جی ہاں آپ نے صحیح سمجھا. میری مراد انڈین پریمیر لیگ یعنی آئی پی ایل سے ھے.
اس وقت بڑی تعداد میں عوام کھیل کے نام پر اس دجالی فریب میں مبتلا ہیں. یہ صرف وقت کی بربادی کی بات نہیں ھے بلکہ تفریح کے نام پر مختلف قسم کی معاشرتی برائیوں میں ڈھکیل دینے کا ذریعہ ھے جس میں سب سے زیادہ نقصان دہ بات جوا کھیلنے کی طرف راغب کرنا ھے. کھیل کے درمیان اشتہارات کے ذریعہ جو فحاشی پھیلائی جاتی ھے اس کے نقصانات کا اندازہ لگا پانا ممکن نہیں ھے.
آئیے اللہ کو حاضر و ناظر جان کر اپنے آپ سے عہد کریں کہ ہم اس ماہ مبارک میں خود بھی صرف نیکیوں کے حصول کی جدوجہد کریں گے اور اپنے اہل و عیال کو بھی رمضان المبارک سے مستفید ہونے کے لئے متوجہ کریں گے ان شا اللہ.
اللہ رب العزت سے دعا ھے کہ امت مسلمہ اور انسانیت کو شیطان کا آلہ کار بننے سے محفوظ رکھے، آمین
اللہ ہم سب کا حامی و ناصر ہو.
محمد خالد ایشو.
12 اپریل 2021