ریزرو بینک آف انڈیا (آربی آئی) نے سبھی بینکوں کو ہدایت دی ہے کہ لین دین کے مقصد سے صارفین کو کال کرنے کے لیے صرف ‘1600’ فون نمبر سیریز کا ہی استعمال کریں۔ اگر بینک اور دیگر ریگولیٹیڈ ادارے تشہیری مقاصد کے لیے صارفین کو کال یا ایس ایم ایس کرتے ہیں تو انہیں ‘140’ فون نمبر سیریز کا استعمال کرنا چاہیے۔
آر بی آئی کا ماننا ہے کہ ایسا کرنے سے مالی دھوکہ دہی پر لگام لگے گا۔ ساتھ ہی آر بی آئی نے بینکوں اور ریگولیٹیڈ اداروں کو اپنے کسٹمر ڈیٹا بیس کی نگرانی کرنے اور بے کار ڈیٹا کو ہٹانے کے لیے کہا ہے۔
بینکوں کو جاری سرکلر میں آر بی آئی نے مناسب تصدیق کے بعد رجسٹرڈ موبائل نمبر کو اَپڈیٹ کرنے اور منسوخ شدہ نمبروں سے جڑے کھاتوں کی نگرانی بڑھانے کو کہا ہے، جس سے لنک کیے گئے کھاتوں کو دھوکہ دہی میں شامل ہونے سے روکا جا سکے۔ آر بی آئی نے 31 مارچ 2025 سے پہلے ہدایات کی تعمیل کرنے کو کہا ہے۔
آر بی آئی نے بتایا کہ ڈیجیٹل لین دین کے پھیلاؤ نے صارفین کو سہولت فراہم کی ہے، لیکن اس سے دھوکہ دہی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ یہ سنگین تشویش کا معاملہ ہے اور اس کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت کو نشانزد کرتا ہے۔
ایک دیگر سرکلر میں آر بی آئی نے سبھی بینکوں سے کہا ہے کہ وہ بھی موجودہ اور نئے کھاتوں و لاکروں میں نامنی یقینی کریں۔ سینٹرل بینک نے کہا کہ بڑی تعداد میں کھاتوں میں کوئی نامنی نہیں ہے۔ نامنی سہولت کا مقصد کھاتہ اکاؤنٹ ہولڈر کی موت پر کنبہ کے اراکین کی مشکلات کو کرم کرنا اور دعوؤں کا جلد سے جلد نپٹارہ کرنا ہے۔
آر بی آئی نے مزید کہا کہ اِنرولمینٹ سہولت کا فائدہ اٹھانے دینے کے لیے بینک کھاتہ کھولنے والے فارم میں مناسب ترامیم کر سکتے ہیں۔ بینک کھاتوں میں نامنی یقینی کرنے کے لیے بینک اور این بی ایف سی مہم بھی شروع کریں۔