دہلی فسادات کے ایک برس گزر جانے پر سول سوسائٹی کی طرف سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اصل ملزم اب بھی کیفر کردار تک نہیں پہنچ سکے ہیں۔ سابق رکن پارلیمان برندا کرات نے دہلی فسادات کے حوالے سے ایک رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ فسادات کی تاریخ پر بدنما داغ ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ فسادات حکمراں بی جے پی کے لیڈروں کی اشتعال انگیز تقریروں سے بھڑکے تھے لیکن ان لوگوں کے خلاف اب تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ نئی دہلی گزشتہ برس 23 فروری سے پانچ روز تک فسادات کی لپیٹ میں رہا تھا جن میں کم از کم 54 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو گئے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں اکثریت مسلمانوں کی تھی۔