نئی دہلی، 14 نومبر (یو این آئی) ہندوستانی بحریہ کے ‘سورڈ آرم’، مغربی بیڑے کے کمانڈر کی تبدیلی 10 نومبر 2023 کو عمل میں آئی، ریئر ایڈمرل سی آر پروین نائر، این ایم نے ممبئی کے نول ڈاک یارڈ میں منعقد بحریہ کی تقریبات کی پریڈ میں ریئر ایڈمرل ونیت میک کارٹی سے مغربی بیڑے کے فلیگ آفیسر کمانڈنگ کی کمان حاصل کی۔
ریئر ایڈمرل نائر نے یکم جولائی 1991 میں بھارتی بحریہ میں کمیشن لیا تھا۔ فلیگ آفیسر گوا کی نول اکیڈمی ، ولینگٹن کے ڈیفنس سروسز اسٹاف کالج اور امریکہ میں نیو پورٹ کے یو ایس نول وار کالج کے سابق طالب علم رہے ہیں اور فلیگ آفیسر کے طور پر بحریہ کے ہیڈ کوارٹر میں اسسٹنٹ چیف آف نول اسٹاف (پالیسی اینڈ پلان) کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں۔
مواصلات اور الیکٹرانک وار فیئر کے ماہر ہونے کی حیثیت سے انہوں نے بھارتی بحریہ کے جہاز کرشنا ، کورا اور میسور پر خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے مغربی بیڑے کے فلیٹ الیکٹرانک وار فیئر آفیسر اور فلیٹ کمیونی کیشن آفیسر کے طور پر اور مشرقی بیڑے کے فلیٹ آپریشن آفیسر کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں۔
انہیں تلوار کلاس کی ٹریننگ ٹیم، نول وار کالج، گوا کے ڈائریکٹنگ اسٹاف اور کوچی میں سگنل اسکول کے آفیسر انچارج کے طور پر بحریہ کی تربیت کا بھی وسیع تجربہ ہے۔ وہ بحریہ کے صدر دفاتر میں کموڈور (پرسنل) کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں۔
ریئر ایڈمرل نائر نے میزائل سے لیس آئی این ایس کرچ ، طیارہ بر دار آئی این ایس وکرما دتیہ کی بھی کمان سنبھالی ہے اور گائڈڈ میزائل سے لیس آئی این ایس چنئی کو بحریہ میں شامل کیا ہے۔