لکھنؤ: ریاستی اقلیتی کانگریس شعبہ کے صدر شاہنواز عالم کی رہائی کے بعد بدھ کو ریاستی کانگریس دفتر میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ سماجی فاصلے پر عمل کرتے ہوئے منعقد تقریب میں ریاستی کانگریس صدر اجے کمار للو نے کہا کہ ریاست کی یوگی حکومت مسلسل کانگریس کارکنوں کا غیر آئینی اور غیر جمہوری طریقے سے استحصال کر رہی ہے۔
اجے للو نے کہا کہ ہم خوفزدہ ہونے والے نہیں ہیں، ہم راہل اور پرینکا کے سپاہی ہیں۔ یوگی حکومت جرائم اور جرائم پیشہ عناصر کو روکنے کے بجائے تحریک چلا رہے کانگریس رہنماؤں پر فرضی مقدمے عائد کر کے انہیں جیل بھیجنے اور استحصال کرنے میں مصروف ہے۔
حکومت اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈال کر بچنا چاہتی ہے۔ ہم یوگی حکومت کے اس ظلم سے نہیں ڈریںگے اور ان کا پردہ فاش کر کے رہیںگے۔ واضح رہے کہ شاہنواز عالم کو گذشتہ 30جون کی رات گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا تھاجنہیں منگل کو ضمانت پر رہا کیا گیا۔
پروگرام کو خطاب کرتے ہوئے کانگریس اقلیتی شعبہ کے ریاستی صدر شاہنواز عالم نے کہا کہ سیاست میں مفاد عامہ کے مدعوں پر جیل جانے کی روایت کافی دنوں سے بند ہو چکی ہے۔
گذشتہ 30برسوں سے سیاسی جماعتوں کے لوگ بدعنوانی کے معاملوں میں ہی جیل گئے ہیں۔ یہ پہلی بار ہو رہا ہے کہ عوامی خدمت کے کام میں لگے تحریک چلا رہے کانگریسیوں پر فرضی مقدمے عائد کر کے جیل بھیجا جا رہا ہے۔ اس سے ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔
، کانگریس میں تحریک کے ذریعہ جیل جانے کی طویل فہرست ہے۔ پروگرام کی نظامت اسٹیٹ کوآرڈینیٹر عاصم منا نے کی۔پروگرام میں اختر ملک، ڈاکٹر خلیل اللہ، ڈاکٹر واحد صدیقی، علی عباس زیدی، ونود جوزف ، صبیحہ انصاری، سردار ہرمندر سنگھ، فرحان وارثی سمیت شعبہ کے عہدیدار و کارکن موجود تھے۔