نئی دہلی ، 15 جولائی (یواین آئی) جان لیواکورونا وائرس کے یومیہ کیسزمیں اضافہ کے درمیان گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اب تک 29 ہزار سے زیادہ نئے کیسزکی اطلاع ملی ہے جس کے بعد ملک میں کورونا متاثرین کی تعداد 9.36 لاکھ کو عبور کر چکی ہےاور اسی مدت کے دوران ہی 20 ہزار سے زیادہ مریض صحت مند بھی ہوئے ہیں۔
بدھ کے روز مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 29،429 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ، جس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 9،36،181 ہوگئی ہے۔ اس سے قبل ، مسلسل تین دن تک 28 ہزار سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 582 اموات کے ساتھ ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 24،309 ہوگئی ہے۔
تیزی سے بڑھتے ہوئے کیسز کے درمیان راحت دینے والی بات یہ ہے کہ اس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 20،572 سے زیادہ مریض صحت مند ہوئے ہیں ، جس کے بعد شفایاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5،92،032 ہوگئی۔ ملک میں فی الحال کورونا کے 3،19،840 فعال کیسز ہیں۔
ملک میں کورونا وائرس سے سب سے متاثر ریاست مہاراشٹرہے جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 6741 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ، جس کے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2،67،665 ہوگئی ہے۔ اسی عرصے کے دوران ، 213 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جس کے بعد ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد10،695 ہوگئی ہے۔ ریاست مہاراشٹر میں اب تک 1،49،007 افرادشفایاب ہوئے ہیں۔