نئی دہلی،24 جولائی (یواین آئی) ملک میں عالمی وبا کورونا وائرس کے حالات دن بہ دن بدتر ہوتے جارہے ہیں اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 49،310 نئے کیسز سامنے آئے ہیں ، جس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 12.88 لاکھ ہوگئی ہے ، حالانکہ اس عرصے میں راحت کی بات یہ رہی کہ ایک دن میں زیادہ سے زیادہ 34،602 مریض شفایاب ہوئے ہیں۔
مرکزی وزارت صحت کی جانب سے جمعہ کو جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق وائرس سے شفایاب ہونے والے افراد کی تعداد 8،17،209 ہوگئی ۔ ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 34،602 مریض کورونا وائرس سے ٹھیک ہوئے ہیں اور اسی عرصہ کے دوران وائرس کے ریکارڈ 49،310 نئے کیسز سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 12،87،945 ہوگئی اور 740 مریضوں کی اموات کے ساتھ ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد بڑھ کر 30،601 ہوگئی۔ اس وقت ملک میں کوروناوائرس کے 4،26،167 فعال کیسز ہیں۔
مختلف ریاستوں میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صورتحال پر نظر ڈالیں تو سب سے متاثرہ مہاراشٹر میں وائرس کے9،895 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 298 افراد کی موت ہوگئی۔ یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 3،47،502 ہے اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد 12،854 ، جبکہ 1،94،253 افراد اس وبا سے شفایاب ہوچکے ہیں۔