دسمبر 2019 سے چین سے شروع ہونے والی کورونا وائرس کی وبا کے باعث اگرچہ ہولی وڈ کی آنے والی شہرہ آفاق فلم ’جیمز بانڈ‘ کی 25 ویں فلم کی نمائش تین بار مؤخر کی گئی تھی مگر اب ایک بار پھر مذکورہ فلم کی ریلیز مؤخر کردی گئی۔
’جیمز بانڈ‘ کی آنے والی فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کو ابتدائی طور پر اپریل 2020 میں ریلیز کیا جانا تھا مگر کورونا کی وبا کے باعث اس کی نمائش ملتوی کی گئی تھی۔
بعد ازاں ٹیم نے فلم کو اکتوبر 2020 میں ریلیز کرنے کی اُمید ظاہر کی تھی مگر پھر اسے نومبر 2020 تک مؤخر کیا گیا تھا۔
لیکن نومبر میں بھی اس کی ریلیز نہ ہوسکی تو اسے اپریل 2021 میں ریلیز کیے جانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
اگرچہ ’جیمز بانڈ‘ کی طرح دیگر فلموں کی ریلیز بھی مؤخر یا ملتوی ہوتی رہی تاہم بعد ازاں کئی میگا بجٹ فلموں کو آن لائن ریلیز کیا گیا اور خیال کیا جا رہا تھا کہ ’جیمز بانڈ‘ کو بھی آن لائن ریلیز کیا جائے گا۔
تاہم اب فلم کی ٹیم نے اعلان کیا ہے کہ فلم کو اپریل کے بجائے اکتوبر 2021 میں ریلیز کیا جائے گا تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ اگر اکتوبر تک بھی سینما تھیٹرز نہ کھلے تو فلم کی ریلیز مزید وقت کے لیے مؤخر کی جا سکتی ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق جیمز بانڈ کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر فلم کو 8 اکتوبر 2021 کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا۔
اے پی نے فلم پروڈکشن کمپنی کے ایک عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ ابتدائی طور پر فلم کو جون 2021 میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا مگر بعض عہدیداران نے خدشہ ظاہر کیا کہ اس وقت تک کورونا کی وجہ سے نافذ پابندیاں ممکنہ طور پر نہ ہٹ پائیں گی، اس لیے فلم کو مزید وقت کے لیے مؤخر کیا جائے۔
اس وقت امریکا سے لے کر برطانیہ، یورپ سے لے کر ایشیا کے زیادہ تر ممالک میں سینما تھیٹرز بند ہیں جب کہ دیگر معمولات زندگی پر بھی پابندیاں عائد ہیں، جس کی وجہ سے پروڈکشن کمپنیاں فلموں کو ریلیز نہیں کر رہیں۔
’جیمز بانڈ‘ کی آنے والی فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ سیریز کی آخری فلم ہے، جس کے ٹریلرز 2019 میں ہی سامنے آچکے تھے۔